تفسیر اقبال کا دورہ حج ہاوز، حج کیمپ کے انتظامات کا جائزہ

   

ٹنڈرس میں شفافیت کی ہدایت، رباط میں قیام کیلئے عازمین کا قرعہ کے ذریعہ انتخاب
حیدرآباد۔/27 مارچ، ( سیاست نیوز) اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال ( آئی پی ایس) نے آج حج ہاوز کا دورہ کرتے ہوئے حج 2024 کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ تفسیراقبال نے حج کمیٹی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حج کیمپ سے متعلق تمام امور بشمول ٹنڈرس کو قطعیت دینے میں مکمل شفافیت سے کام لیا جائے۔ کسی طرح کی بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے پیش نظر صدرنشین وقف بورڈ مولانا سید غلام افضل بیابانی دورہ میں شریک نہیں رہے۔ تفسیر اقبال نے حج ہاوز سے متصل زیر تکمیل کامپلکس کا معائنہ کیا جہاں حج کیمپ کے دوران عازمین حج کے طعام کا انتظام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ گذشتہ برسوں کی طرح حج کیمپ کے انتظامات میں کوئی کمی نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے حج کمیٹی کو مکمل تعاون دیا جائے گا تاکہ حج کیمپ کامیاب رہے۔ ایگزیکیٹو آفیسر لیاقت حسین اور اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف نے تفسیر اقبال کو حج امور کے تمام مراحل کی تفصیلات بیان کی۔ درخواستوں کے ادخال سے لے کر حجاج کرام کی واپسی تک حج کمیٹی کے رول کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ تفسیر اقبال کو بتایا گیا کہ خادم الحجاج کے انتخاب کا معاملہ حج کمیٹی آف انڈیا کے پاس زیر التواء ہے۔ انٹرویو کی بنیاد پر خادم الحجاج کا انتخاب کیا جائے گا۔ مکہ مکرمہ میں رباط کی سہولت کے بارے میں تفسیر اقبال نے معلومات حاصل کیں۔ نظام اوقاف کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ تفسیر اقبال نے سابق کے طریقہ کار کے مطابق ڈرا کے ذریعہ رباط کے عازمین کے انتخاب کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے چیف ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا لیاقت علی آفاقی سے فون پر بات کی جو ان دنوں حج انتظامات کے سلسلہ میں مدینہ منورہ میں ہیں۔ حج کیمپ کے سلسلہ میں جن امور کیلئے ٹنڈرس طلب کئے جاتے ہیں ان میں غذا کی فراہمی، سپلائنگ کمپنی، مینٹننس، صفائی، ڈی جی ٹی ویان، عازمین کیلئے بسوں کا انتظام، کرایہ پر کاروں کا حصول اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب شامل ہیں۔ تفسیر اقبال نے ٹنڈرس کے تمام امور میں شفافیت کی ہدایت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ حج تربیتی کیمپس میں صدرنشین کی شرکت کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ 1

انتخابی ضابطہ اخلاق کے پیش نظر سیاسی افراد حج تربیتی کیمپس میں شرکت نہیں کرسکتے۔ بتایا جاتا ہے کہ رباط اور دیگر انتظامات کے سلسلہ میں سعودی عرب دورہ کیلئے صدرنشین نے مرکزی وزارت اقلیتی امور سے اجازت طلب کی ہے۔ منظوری کی صورت میں صدرنشین دیگر دو افراد کے ساتھ حج کمیٹی کے خرچ پر سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔1