تلنگانہ آرٹی سی کے لیڈران گرفتار، احتجاجی پروگرام ملتوی

   

حیدرآباد7اکتوبر(یواین آئی)تلنگانہ آرٹی سی جے اے سی نے اس کے لیڈروں بشمول کنوینر کی اسمبلی کے قریب یادگار شہیداں پر گرفتاری کے بعد احتجاج کے منصوبہ کو ملتوی کردیا ہے ۔جے اے سی کے کنوینر اشواتھاما ریڈی اور یونین کے دیگر لیڈران تلنگانہ یادگار شہیداں گئے تھے جہاں سے ان کو حراست میں لے لیا گیا۔پولیس نے قبل ازیں اندراپارک پر احتجاج کرنے کی قبل ازیں اجازت دینے سے انکار کردیاتھا۔اشوتھاماریڈی نے کہا کہ جے اے سی اب تمام طرح کے احتجاج کو ملتوی کررہی ہے اور وہ مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں تبادلہ خیال کرے گی۔ انہوں نے گزشتہ دو دنوں سے ہڑتال کرنے والے ملازمین کو برطرف کرنے حکومت کے فیصلہ پر ناراضگی ظاہر کی۔تلنگانہ مزدور یونین کے جنرل سکریٹری تھامس ریڈی نے تمام شہری گروپس اور عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ آرٹی سی یونینوں کی حمایت کریں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کے فیصلہ کے خلاف سیاہ بیاچس لگا کر احتجاج کیاجائے گا۔یونین کے لیڈروں نے کہا کہ تلنگانہ کے شہدا کوخراج پیش کرنے کے لئے وہ گن پارک پہنچے تھے تاہم پولیس نے ان کو گرفتار کرلیا جو غیرقانونی ہے ۔