چیف سکریٹری شانتی کماری کا جائزہ اجلاس۔ عہدیداروں کو تمام ضروری اقدامات کا مشورہ
حیدرآباد۔15۔اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاست میں تلنگانہ اسٹیٹ ڈزاسٹر ریسپانس فورس کے قیام کیلئے چیف سیکریٹری شانتی کماری نے آج اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس منعقد کرکے ہدایت دی کہ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ سے اس فورس کیلئے تربیت کا عمل شروع کیا جائے ۔ چیف سیکریٹری نے تلنگانہ اسٹیٹ ڈساسٹر ریسپانس فورس کے قیام پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کے اعلان کے مطابق 2000 افراد پر مشتمل عملہ کی تربیت اور 10 آتش فرو عملہ کی ٹیموں کے علاوہ 10 تلنگانہ اسپیشل پولیس بٹالین کے ساتھ اس فور س کے قیام میں پیشرفت کیلئے یہ اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس میںڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر ‘ مسٹر اروند کمار اسپیشل چیف سیکریٹری ڈساسٹر مینجمنٹ و دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔چیف سیکریٹری نے بتایا کہ ریاست میں اس فورس کے قیام کا مقصد سیلاب کی صورتحال کے علاوہ آتش زنی کے واقعات اور ہنگامی حالات پر قابو پانے اور اس صورتحال میں امداد رسانی کو یقینی بنانا ہے۔انہو ں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں فورس کی مکمل تربیت کا آغاز کریں۔مسٹر ناگی ریڈی ڈائرکٹر جنرل فائر سروس نے بتایاکہ حکومت کے فیصلہ کے مطابق محکمہ فائر سے 10 فائر ٹیموں کو تیار کیا جائیگا اسی طرح تلنگانہ اسپیشل بٹالین پولیس فورس کے 1000 اہلکاروں کو تیار کرکے ٹیموں کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ آتش فرو عملہ کے طرز پر تربیت کے بعد انہیں ہنگامی حالات سے نمٹنے کا اہل بناکر مختلف مقامات پر تعینات کیا جائے گاتاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ان کی خدمات حاصل کی جائیں ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں ڈساسٹر ریسپانس فورس کی تربیت کیلئے این ڈی آر ایف سے تعاون حاصل کیا جائے گا تاکہ ان ٹیموں میں شامل تمام اہلکاروں کو راحت کاری اور ہنگامی خدمات کیلئے مکمل تیار کیا جاسکے ۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری نے اجلاس میںحکومت کے فیصلہ کو قابل عمل بنانے حکام سے مشاورت کے بعد ہدایت دی کہ وہ فورس کی تیاری کے ذریعہ تلنگانہ کی راحت کاری و ہنگامی خدمات کے دوران عوام کی مدد کیلئے تیار رہنے والی فورس کو تیار کرلیں گے ۔3