تلنگانہ اور آندھرا کی 10 ایم ایل سی نشستوں کیلئے انتخابی اعلامیہ

   

28 فروری تک پرچہ نامزدگی کا ادخال، 12 مارچ کو رائے دہی

حیدرآباد۔18 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھراپردیش میں قانون ساز کونسل کی جملہ 10 نشستوں کے لیے انتخابی سرگرمیوں کا آج اعلامیہ کے اجرائی کے ساتھ ہی آغاز ہوگیا۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تلنگانہ کی 5 اور آندھراپردیش کی 5 ایم ایل اے زمرے کی نشستوں پر انتخاب کے لیے شیڈول جاری کردیا۔ 21 فروری کو اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور 28 فروری پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ ہوگی۔ یکم مارچ کو پرچہ جات نامزدگی کی جانچ کی جائے گی۔ 5 مارچ تک پرچہ جات نامزدگی واپس لیے جاسکتے ہیں۔ 12 مارچ کو رائے دہی ہوگی اور صبح 9 تا سہ پہر 4 بجے رائے دہی کا وقت رہے گا۔ اسی دن شام 5 بجے ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 15 مارچ سے قبل اسمبلی زمرے کی نشستوں پر انتخابات کا مرحلہ مکمل کرلیا جانا چاہئے۔ تلنگانہ کے جن 5 ارکان کونسل کی میعاد 29 مارچ کو ختم ہورہی ہے ان میں پی سدھاکر ریڈی، محمد علی شبیر، ٹی سنتوش کمار، محمد سلیم اور محمد محمود علی شامل ہیں۔ آندھراپردیش کے سبکدوش ہونے والے 5 ارکان میں پی نارائنا، ایل شیواکماری، پی سمنتکامنی، وائی رام کرشنوڈو اور اے اپارائو شامل ہیں۔ اعلامیہ کے اجرائی کے ساتھ ہی انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے اور تلنگانہ حکومت کو کابینہ میں توسیع کے لیے الیکشن کمیشن کی اجازت حاصل کرنی ہوگی۔ واضح رہے کہ کل 19 فروری کو کابینہ میں توسیع مقرر ہے۔