ٹکنالوجی کا اشتراک، مصنوعی ذہانت، ہیلت کیئر اور دیگر شعبہ جات کو ترجیح
حیدرآباد۔/19 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست میں اسٹارٹ اپس کے فروغ کیلئے برازیل کے ادارہ سے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔ برازیل کے ادارہGOIAS ہب سے معاہدہ کے تحت حیدرآباد میں انٹرنیشنل اسٹارٹ اپس قائم کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے برازیلی ادارہ کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کی۔ ٹی ہب فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر سجیت اور GOIAS اسٹیٹ سائنس ٹکنالوجی اینڈ انوویشن کے سکریٹری جوز فیڈریکو لائرا نیٹو نے معاہدہ پر دستخط کئے۔ یادداشت مفاہمت کے تحت تلنگانہ کے اسٹارٹ اپس کو برازیل میں کام کے مواقع فراہم کئے جائیں گے اور برازیل کے اسٹارٹ اپس تلنگانہ میں اپنی سرگرمیاں شروع کریں گے۔ تلنگانہ حکومت اور برازیل نے آرٹیفیشل انٹلیجنس، آئی ٹی ، اگری ٹیک، ہیلت کیئر، بائیو ٹیک اور مائننگ کے شعبہ جات میں اشتراک کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹی ہب اور برازیلی کمپنی ٹکنالوجی کے باہمی تبادلہ کے علاوہ سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ کو یقینی بنائیں گے۔ یادداشت مفاہمت کے ذریعہ اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کے دونوں ممالک میں فروغ میں مدد ملے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے برازیلی ادارہ کے نمائندوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ تلنگانہ حکومت نے آرٹیفیشل انٹلیجنس، گرین اِنرجی اور دیگر شعبہ جات میں بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراک کا فیصلہ کیا ہے۔1