خسارہ کے باوجود زائد آمدنی کا اظہار مضحکہ خیز، کانگریس ارکان اسمبلی کا ردعمل
حیدرآباد: کانگریس لیجسلیچر پارٹی نے تلنگانہ حکومت کے بجٹ کو عوام کیلئے مایوس کن قرار دیا اورکہا کہ گمراہ کن اعداد و شمار کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دیا گیا ہے ۔ بجٹ کی پیشکشی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا اور ارکان اسمبلی پی ویریا اور راج گوپال ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کا بجٹ صرف اعداد و شمار کا کھیل ہے۔ تلنگانہ کو قرض میں ڈبودیا گیا ہے اور مزید قرض حاصل کرنے کی تیاری ہے۔ 2023-24 ء تک تلنگانہ کا قرض 5 لاکھ کروڑ سے تجاوز کر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام پر مزید بوجھ عائد کرنے کی تیاری کر رہی ہے ۔ ایک طرف کورونا سے ریاست کی آمدنی متاثر ہوئی لیکن حکومت نے دو لاکھ 30 ہزار کروڑ کا بجٹ پیش کرتے ہوئے عوام کو بہتر مالی موقف کے بارے میں گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا بجٹ میں کوئی تذکرہ نہیں ہے۔ حکومت نے گزشتہ 6 برسوں کے دوران فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا دعویٰ کیا ہے لیکن انتخابی وعدوں کا کوئی تذکرہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید قرض حاصل کرتے ہوئے عوام کیلئے مشکلات پیدا کی جائیں گی ۔ ارکان اسمبلی نے ہریش راؤ کی جانب سے پیش کردہ اعداد و شمار کو حقائق سے بعید قرار دیا ۔