8 سال کے دوران 1.32 لاکھ سرکاری ملازمتوں کی فراہمی ، عنقریب مزید 90 ہزار ملازمتوں پر تقررات
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے جذبہ سے ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا جارہا ہے ۔ کورٹلہ میں بیروزگار نوجوانوں کے لیے مفت کوچنگ سنٹر کا کے ٹی آر نے افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کبھی ضائع نہیں ہوتی ۔ نوجوان محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کرتے ہوئے ملازمتیں حاصل کریں ۔ نوجوان ملک کی طاقت ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد پانی ، فنڈز اور ملازمتوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے 8 سال کے دوران ریاست میں 1.32 لاکھ سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئی مزید 90 ہزار جائیدادوں پر تقررات کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ 95 فیصد ملازمتیں مقامی نوجوانوں کو فراہم کرنے کے لیے چیف منسٹر کے سی آر نے خصوصی منصوبہ بندی تیار کی ہے ۔ تلنگانہ میں 19 ہزار خانگی کمپنیوں نے سرمایہ کاری کی ہے ۔ تلنگانہ میں ترقی اور فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ ایک طرف ماحولیات کا تحفظ کیا جارہا ہے ۔ دوسری طرف صنعتوں کو فروغ دیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ سے حاصل ہونے والے فنڈز کو ریاست میں ہی خرچ کیا جارہا ہے ۔ آر بی آئی کے حساب سے چار ریاستیں ملک کو چلا رہی ہیں جس میں تلنگانہ بھی شامل ہے ۔ پانی کے معاملے میں ملک کی 75 سالہ تاریخ میں جو کام نہیں ہوئے وہ 8 سال میں تلنگانہ میں انجام پائے ہیں ۔ 45 ہزار کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے گھر گھر پینے کے پانی کا انتظام کیا گیا ہے ۔ شدید دھوپ میں بھی نہروں سے پانی گذر رہا ہے ۔ دنیا کا سب سے بڑا لفٹ اریگیشن پراجکٹ تلنگانہ میں موجود ہے ۔ گوگل میں لارجسٹ لفٹ اریگیشن پراجکٹ سرچ کرنے پر کالیشورم کا نام آجاتا ہے ۔ صرف چار سال میں کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر مکمل ہوئی ہے ۔ 1964 میں اس وقت کے وزیراعظم جواہر لعل نہرو نے ایس آر ایس پی کا سنگ بنیاد رکھا تھا جس کے حال تک نہریں کھودی گئیں ۔ کالیشورم پراجکٹ سے 90 لاکھ ایکڑ اراضی کو پانی سیراب ہورہا ہے ۔۔ ن