تلنگانہ تیز رفتار ترقی کرنے والی ریاست

   

امن و امان میں مثالی ، گورنر کے خطبہ پر تحریک اظہار تشکر سے محمد سلیم کا خطاب
حیدرآباد۔20 جنوری(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ ملک کی تمام ریاستوں میں سب سے پر امن اور تیز رفتار ترقی کرنے والی ریاست بن چکی ہے ۔ الحاج محمد سلیم رکن قانون ساز کونسل و صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے تلنگانہ قانون ساز کونسل میں گورنر کے خطبہ پر تحریک اظہار تشکر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ گورنر کے خطبہ کا خیر مقدم کرتے ہیں۔انہو ں نے مزید کہا کہ ریاست تلنگانہ سب سے تیز ترقی کرنے والی ریاست اور پر امن ریاست بن چکی ہے اسی لئے ملک کی دیگر ریاستوں کے عوام بھی تلنگانہ کا رخ کررہے ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ میں ملک کے سب سے سیکولر چیف منسٹر کی حکمرانی ہے۔ انہوں نے کے چندر شیکھر راؤ کو سیکولر چیف منسٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی زیر قیادت حکومت کی جانب سے ریاست میں ترقیاتی و فلاحی کام انجام دیئے جا رہے ہیں اور اس بات سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ آزادی کے بعد سے اب تک کسی ریاست میں اس طرح تیز رفتار ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں یہ کہا جاتا تھا کہ مہاراشٹرا میں برقی مسائل نہیں ہیں لیکن گذشتہ 4برسوں کے دوران ریاست تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی حکومت نے برقی بحران پر قابو پاتے ہوئے ریکارڈ قائم کیا ہے۔جناب محمد سلیم نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں اب برقی ‘پانی یا کسی اور شئے کی کمی نہیں رہی بلکہ تلنگانہ اور شہر حیدرآباد میں امن و امان کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملک کی دیگر ریاستوں سے شہری تلنگانہ منتقل ہورہے ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تمام طبقات کی مجموعی ترقی کے علاوہ امن و امان کو یقینی بنانے کی پالیسی ہی ریاست میں تلنگانہ راشٹر اسمیتی کی کامیابی کی ضمانت ثابت ہوئی ہے۔