حیدرآباد۔7۔جنوری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی کابینہ کا اجلاس 8جنوری بروز پیر کو تلنگانہ سیکریٹریٹ میں منعقد ہونے کا امکان ہے اور کہا جار ہاہے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی نگرانی میں منعقد ہونے والے اس کابینی اجلاس کے دوران ایک ماہ کے دوران کی حکومت کی کارکردگی اور پرجاپالنا پروگرام کے دوران وصول کی جانے والی درخواستوں کے علاوہ پرجاوانی پروگرام میں وصول کی جارہی درخواستوں کی یکسوئی کے سلسلہ میں قطعی حکمت عملی تیار کئے جانے کی منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کیاجاسکتا ہے۔ اجلاس میں توقع ہے کہ کابینہ کی جانب سے گورنر کوٹہ کے تحت 2 ارکان قانون ساز کونسل کی مخلوعہ نشستوں کے لئے ناموں کو بھی منظوری دی جاسکتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے ا س سلسلہ میں پارٹی ہائی کمان سے مشاورت کے بعد ان ناموں کو قطعیت دے دی ہے اور کابینہ کے اجلاس میں ان ناموں کو منظوری دیئے جانے کے بعد گورنر کے پاس روانہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سابقہ حکومت کی جانب سے دو مرتبہ روانہ کئے گئے ناموں کو سیاسی جماعت سے تعلق ہونے کی بنیاد پر گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرراجن نے مسترد کردیا تھا اسی لئے کہا جا رہاہے کہ حکومت کی جانب سے پارٹی سے تعلق نہ رکھنے والوں کے ناموں کوکابینہ میں منظوری دیتے ہوئے گورنر کے پاس روانہ کیا جائے گاتاکہ گورنر اور حکومت کے درمیان ٹکراؤکی صورتحال پیدانہ ہو۔ریاست میں کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد حکومت کا یہ دوسرا کابینی اجلاس ہے جبکہ پہلا کابینہ کا اجلاس 9ڈسمبر کو منعقد کیا گیا تھا ۔