حیدرآباد۔/20 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کے موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پراجکٹ پر عمل آوری سے قبل جنوبی کوریا کے سیؤل میں ندیوں کی ترقی اور تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے وزیر مال پی سرینواس ریڈی کی قیادت میں عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں کا ایک وفد آج حیدرآباد سے روانہ ہوا۔ اسٹڈی ٹور میں چیف منسٹر کے چیف ایڈوائزر وی نریندر ریڈی بھی شامل ہیں۔ یہ وفد جنوبی کوریا کے سیؤل میں 2005 میں مقامی ندی کے تحفظ اور ترقی کے پراجکٹ کا جائزہ لے گا۔ 25 رکنی وفد میں شہر کے عوامی نمائندوں کے علاوہ میئر حیدرآباد وجیہ لکشمی، ڈپٹی میئر ایم سری لتا، بلدی نظم و نسق، موسی ریور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ اور دیگر اداروں کے عہدیدار شامل ہیں۔ 24 اکٹوبر تک اعلیٰ سطحی وفد سیؤل میں پراجکٹ کا جائزہ لے گا۔ سیؤل ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پراجکٹ کے معائنہ کے علاوہ ندیوں کے تحفظ کا عملی مشاہدہ کیا جائے گا۔ تلنگانہ حکومت نے موسی ندی کو خوبصورت بنانے اور اطراف کے علاقہ کو ترقی دینے کیلئے ایک وسیع تر پراجکٹ کا منصوبہ بنایا ہے۔1
بتایا جاتا ہے کہ 25 رکنی ٹیم کے دورہ سے واپسی کے بعد پراجکٹ رپورٹ تیار کی جائے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے لندن اور جنوبی کوریا میں ندیوں کے تحفظ اور ترقی کے اقدامات کا پہلے ہی معائنہ کیا ہے۔ اسی دوران بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے اعلیٰ سطحی وفد کے دورہ کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔1