عصری مشینوں کی تنصیب، آمد و روانگی کے موقع پر چہرہ کی شناخت، چیف سکریٹری کے احکامات
حیدرآباد۔/11 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ سکریٹریٹ میں کل 12 ڈسمبر سے تمام محکمہ جات کے عہدیداروں اور ملازمین کی حاضری فیشل ریکگنیشن سسٹم یعنی چہرہ شناسی کے ذریعہ کی جائے گی۔ حکومت نے سکریٹریٹ کے دفاتر میں کارکردگی بہتر بنانے کیلئے یہ عصری سسٹم متعارف کیا ہے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے آج سکریٹریٹ کے تمام محکمہ جات کو اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے۔ چیف سکریٹری کے احکامات میں کہا گیا ہے کہ تمام محکمہ جات کو اطلاع دی جاتی ہے کہ سکریٹریٹ کے تمام ریگولر آفیسرس اور اسٹاف کے علاوہ آؤٹ سورسنگ اسٹاف جن کی تنخواہیں سکریٹریٹ کے ہیڈ اکاؤنٹس سے دی جاتی ہے ان کی حاضری کل 12 ڈسمبر سے فیشل ریکگنیشن سسٹم کے ذریعہ کی جائے گی۔ تمام محکمہ جات کو ہدایت دی گئی ہے کہ اس سلسلہ میں عہدیداروں اور اسٹاف کو اطلاع دیں اور سکریٹریٹ عمارت کے انٹری پوائنٹس پر لگائے گئے چہرہ شناسی مشینوں میں اپنی حاضری درج کرائیں۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ چہرہ شناسی کے ذریعہ حاضری صبح میں داخلہ کے وقت اور آفس سے روانگی کے وقت کی جائے گی۔ فیشل اٹینڈنس میں کسی بھی دشواری کی صورت میں عہدیداروں اور اسٹاف کو پروین کمار اور شریمتی سریتا سے ربط قائم کرنے کیلئے ٹیلی فون نمبرات دیئے گئے ہیں جو تکنیکی دشواری کو دور کریں گے۔ تمام محکمہ جات کو ہدایت دی گئی کہ وہ 13 ڈسمبر تک فزیکل اٹینڈنس سسٹم کی تفصیلات محفوظ رکھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ہر فلور پر لفٹ کے قریب محکمہ جات کے باب الداخلہ پر تقریباً 16 فیشل ریکگنیشن اٹینڈنس آلات نصب کئے گئے ہیں۔ چہرہ شناسی کے ذریعہ حاضری کا تجرباتی طور پرآغاز کیا گیا جو کامیاب رہا جس کے بعد کل 12 ڈسمبر سے چہرہ شناسی کے ذریعہ حاضری کا آغاز ہوگا۔ سکریٹریٹ میں ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس سے لے کر درجہ چہارم سطح کے ملازمین اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کو اس سسٹم کے ذریعہ اپنی حاضری کو درج کرانا ہوگا۔ ملک میں شائد تلنگانہ سکریٹریٹ پہلا سرکاری ادارہ ہے جہاں عہدیداروں اور ملازمین کی حاضری کیلئے چہرہ شناسی مشینیں نصب کی گئی ہیں۔ 1