گیان واپی مسجد پر رکن پارلیمنٹ حیدرآباد کو بات کرنے کا حق نہیں : امیت مالویہ کا ردعمل
حیدرآباد۔20۔مئی۔(سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی آئی ٹی سیل کے قومی کنوینر امیت مالویہ نے صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی پر گیان واپی معاملہ پر فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے تلنگانہ سیکریٹریٹ میں شہید کی گئی مساجد پر اختیار کردہ خاموشی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسد الدین اویسی کو گیان واپی معاملہ میں مداخلت کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ امیت مالویہ نے رکن پارلیمنٹ حیدرآباد پر سیکریٹریٹ کی مساجد کی شہادت پر خاموشی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 2020میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے کی گئی کاروائی پر وہ مکمل خاموش رہے ۔ سیکریٹریٹ میں منہدم کی گئی دونوں مساجد کی ازسر نو تعمیر کا سلسلہ جاری ہے اور ان کی جگہ نئی مساجد تعمیر کے آخری مراحل میں ہیں۔ امیت مالویہ نے اسد الدین اویسی کی جانب سے ظاہر کئے جانے والے خدشات کو بے بنیاد قرار دینے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ ملک 1990 کی طرف نہیں جائے گا۔اسد الدین اویسی جو کہ گیان واپی مسجد معاملہ میں کھل کر اظہار کرنے کے علاوہ بے باکی کے ساتھ مسلمانوں کا مؤقف رکھتے ہوئے گیان واپی مسجد معاملہ کو بابری مسجد کی طرح متنازعہ بنانے اور اسی انداز میں حل کرنے کی کوششوں کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں۔ بی جے پی آئی ٹی سیل کنوینر نے بیرسٹر اسدالدین اویسی پر جھوٹ پھیلانے اور عوام کو ورغلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف فاشسٹ میڈیا پر دروغ بیانی کرتے ہیں ۔گیان واپی مسجد معاملہ میں ضلع عدالت اور سپریم کورٹ میں جاری مباحث و مقدمات کے علاوہ گیان واپی مسجد کے سروے کے سلسلہ میں اسد الدین اویسی نے متعدد خدشات ظاہر کئے اور کہا تھا کہ ملک عقیدہ یا آستھا پر نہیں بلکہ قانون پر چلایا جاتا ہے ۔ امیت مالویہ نے ٹوئیٹر کے ذریعہ اسد الدین اویسی کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اپنے شہر میں مساجد منہدم کی جارہی ہیں اس پر وہ خاموش ہیں اور ملک کی دیگر ریاستو ںمیں جاری تنازعات پر ہونے والے مباحث کا حصہ بنتے ہوئے ماحول کو مکدر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسد الدین اویسی نے گیان واپی معاملہ کو ہوا دینے اور اس مسئلہ پر سیاست کا بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس پر الزام عائد کیا تھا اور ابتداء میں انہوں نے یوگی اور مودی حکومت سے مطالبہ کیاتھا کہ وہ عدالت سے رجوع ہونے والوں کے خلاف کاروائی کریں۔ امیت مالویہ نے ٹوئیٹر کے ذریعہ ظاہر کئے گئے ردعمل کوکئیذرائع ابلاغ اداروں کی جانب سے شائع کرتے ہوئے حیدرآباد میں تلنگانہ سیکریٹریٹ کی تعمیر کے دوران منہدم کی گئی مساجد پر اسد الدین اویسی کی خاموشی پر سوال اٹھایا گیا ہے جبکہ سیکریٹریٹ میں مساجد کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے۔م