راج بھون میں ٹی بی اسوسی ایشن کی تقریب سے گورنر تلنگانہ جشنو دیوورما کا خطاب، 2025 تک تلنگانہ سے مرض کے خاتمہ کا نشانہ
حیدرآباد۔/16 اکٹوبر،( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنودیوورما نے مرض ٹی بی کے خاتمہ کیلئے عوام میں شعور بیداری مہم کی ضرورت ظاہر کی۔ گورنر نے آج ٹیوبر کلوسیس اسوسی ایشن آف تلنگانہ کی جانب سے 75 ویں شعور بیداری مہم کا راج بھون میں آغاز کیا۔ ڈاکٹر ٹی وی وینکٹیشورلو نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ اسوسی ایشن کے نائب صدور کے طور پر ڈاکٹر سدھیر پرساد اور ڈاکٹر سی این پرساد کا انتخاب عمل میں آیا۔ جنرل سکریٹری کے طور پر ڈاکٹر بالا چندر کو منتخب کیا گیا۔ گورنر تلنگانہ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ مرض ٹی بی قابل علاج ہے اور ڈاکٹرس کو تلنگانہ سے ٹی بی کے مکمل خاتمہ کے اقدامات کرنے چاہیئے۔ انہوں نے ٹی بی کے علاج میں نئی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ٹی بی کنٹرول پروگرام کے ذریعہ مدد لی جاسکتی ہے۔ انہوں نے ٹی بی کے مریضوں کو مشورہ دیا کہ وہ صحت یابی کیلئے ڈاکٹرس کے مشورہ پر سختی سے عمل کریں۔ گورنر نے خانگی اور رضاکارانہ تنظیموں کے رول کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ گورنر نے کہا کہ سماج میں شعور بیداری اور ان کی شمولیت کے ذریعہ تلنگانہ سے 2025 تک ٹی بی کے خاتمہ کے نشانہ کی تکمیل کی جاسکتی ہے۔ گورنر نے ٹیوبر کلوسیس اسوسی ایشن کی کارکردگی کو سراہا۔1