10 امبارکیشن پوائنٹس کیلئے مختلف اخراجات ، قربانی کی ادائیگی کیلئے 16 ہزار روپئے کا تعین
حیدرآباد۔یکم جون، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2022 کے عازمین حج کیلئے مکمل اخراجات کو قطعیت دیتے ہوئے 10 امبارکیشن پوائنٹس کے اخراجات کی تفصیلات جاری کردی ہے۔ ریاستی حج کمیٹیوں کو جاری کردہ سرکیولر کے مطابق حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے فی عازم 3 لاکھ 94 ہزار 750 روپئے کے اخراجات ہوں گے۔ اگر عازم قربانی حج کمیٹی کے ذریعہ ادا کرنا چاہیں تو انہیں مزید 16787 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ اس طرح قربانی کے ساتھ فی عازم جملہ اخراجات 4 لاکھ 11 ہزار 537 روپئے ہوں گے۔ سرکیولر میں احمدآباد ، بنگلور، کوچین، دہلی، کولکتہ ، لکھنؤ ، ممبئی، گوہاٹی اور سری نگر امبارگیشن پوائنٹس کے اخراجات بھی متعین کئے گئے۔ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے آندھرا پردیش کے تمام عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ اس کے علاوہ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے بعض علاقوں سے تعلق رکھنے والے عازمین پرواز کریں گے۔ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے عازمین نے ابتدائی دو اقساط میں 2 لاکھ ایک ہزار روپئے کی رقم ادا کردی ہے جبکہ تیسری قسط کے طور پر ایک لاکھ 88 ہزار 450 روپئے ادا کرنے ہیں۔ ایسے عازمین جنہوں نے تینوں قسط کی رقم ادا کردی ہے انہیں قربانی کی رقم کے بغیر مزید 5300 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ سب سے زیادہ اخراجات گوہاٹی امبارگیشن پوائنٹ سے ہوں گے جہاں فی عازم جملہ خرچ 4 لاکھ 49 ہزار 150 روپئے ہے۔ ممبئی امبارکیشن پوائنٹ سے جملہ اخراجات 3 لاکھ 81 ہزار 450 روپئے مقرر کئے گئے۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ عازمین حج کو اپنی مابقی رقم فوری طور پر جمع کرنی ہوگی بصورت دیگر انہیں سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شیعہ عازمین جو احمد آباد، حیدرآباد، کولکتہ اور ممبئی سے جدہ کیلئے روانہ ہوں گے اور جن کی میقات جحفہ ہے انہیں اضافی طور پر 155 سعودی ریال یعنی 3216 روپئے جمع کرانے ہوں گے۔ قربانی کا نظم آئی ڈی ڈی کے ذریعہ کیا جائے گا۔ تلنگانہ سے روانہ ہونے والے 90 فیصد سے زائد عازمین نے دونوں اقساط کی رقم ادا کردی ہے اور تیسری قسط کی ادائیگی کا مرحلہ جاری ہے۔ر