تلنگانہ عازمین حج کے دو قافلے تلبیہ کی گونج میںسعودی عرب روانہ

   

وزیر داخلہ محمود علی ، محمد سلیم اور کمشنر سی وی آنند نے وداع کیا، حج کیمپ اور ایرپورٹ پر معقول انتظامات
حیدرآباد۔20۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ سے 746 عازمین حج کے دو قافلے آج سعودی عرب روانہ ہوگئے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے ذریعہ فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے عازمین حج کو حج ہاؤز سے تلبیہ کی گونج میں ایرپورٹ روانہ کیا گیا جہاں سعودی ایرلائینس کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ روانگی عمل میں آئی ۔ پہلا قافلہ صبح کی ابتدائی ساعتوں 5.55 بجے روانہ ہوا جبکہ دوسرا قافلہ رات 9.35 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے جدہ کیلئے پرواز کیا۔ دونوں قافلوں کی حج ہاؤز سے روانگی پر علماء نے خطاب میں مناسک حج اور زیارتوں کے آداب بیان کئے۔ ہر قافلہ میں 373 عازمین شامل تھے۔ حج کیمپ میں عازمین کی آمد کے بعد نورانی منظر دکھائی دے رہا ہے اور تلبیہ اور دعاؤں کے درمیان دوست احباب و رشتہ داروں نے عازمین کو بادیدۂ نم وداع کیا۔ پہلا قافلہ رات تقریباً 2 بجے حج ہاؤز سے ایرپورٹ خصوصی بسوں سے روانہ ہوا۔ حج ہاؤز میں وزیر داخلہ محمد محمود علی ، صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم ، صدرنشین حج کمیٹی آف انڈیا عبداللہ کٹی ، نائب صدرنشین منوری بیگم ، حج کمیٹی ارکان محمد حنیف ، سید غلام احمد حسین، سید نظام الدین ، شیخ حمید ، جعفر خان ، میر نادر علی رضوی ، عرفان الحق ، عاصمہ سلطانہ اور اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ نے بسوں کو وداع کیا۔ وزیر داخلہ اور صدرنشین حج کمیٹی نے جھنڈی دکھاکر رخصت کیا۔ شیخ الجامعہ مولانا مفتی خلیل احمد نے عازمین سے خطاب میں فضائل حج و عمرہ بیان کئے اور مشورہ دیا کہ اپنا وقت لغویات کی بجائے عبادات اور دعاؤں میں صرف کریں۔ سعودی ایرلائینس سے پہلا قافلہ جدہ پہنچ چکا ہے۔ دوسرے قافلہ کے عازمین کی خصوصی بسوں کو کمشنر پولیس سی وی آنند اور صدرنشین کمیٹی محمد سلیم نے روانہ کیا۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی نے خطاب میں عازمین کو ضروری نصیحتیں کیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ وہ قیام سعودی عرب کے دوران زیادہ سے زیادہ عبادات انجام دیں کیونکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عبادتوں کا ثواب بہت زیادہ ہے ۔ دوسرے قافلہ میں حیدرآباد کے 214 جبکہ جنگاؤں 4 ، میڑچل 2 ، رنگا ریڈی 142 ، ونپرتی 11 ، ورنگل اربن 3 اور ورنگل رورل کے ایک عازم شامل ہیں۔ عازمین کو سعودی حکومت کے کووڈ قواعد پر عمل آوری کی ہدایت دی گئی ۔ عازمین حج کو زائد سامان لے جانے سے منع کیا گیا کیونکہ حج کمیٹی نے جو سوٹ کیس فراہم کئے ، اس کے علاوہ کسی اور لگیج کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ حج ہاؤز نامپلی میں تیسری فلائیٹ کے عازمین کی رپورٹنگ مکمل ہوچکی ہے اور تیسرا قافلہ 23 جون کو رات دیر گئے 3.55 بجے پرواز کرے گا۔ حج کیمپ اور ایرپورٹ پر مختلف محکمہ جات کی جانب سے بہتر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ر