محمد محمود علی اور محمد سلیم کا خطاب، 22 ویں قافلہ کو مولانا جعفر پاشاہ نے جھنڈی دکھائی
حیدرآباد ۔20۔ مئی (سیاست نیوز) حج 2026 کیلئے تلنگانہ عازمین کے دو قافلے حیدرآباد سے جدہ کیلئے روانہ ہوئے۔ عازمین حج کے 21 ویں قافلہ میں 430 عازمین شامل تھے جنہیں حج کیمپ نامپلی سے وداع کیا گیا۔ بی آر ایس کے قائدین نے 21 ویں قافلہ کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ، سابق صدرنشین وقف بورڈ و حج کمیٹی الحاج محمد سلیم ، سابق صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں ، سابق صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن امتیاز اسحاق اور عبدالمقیت چندا دیگر بی آر ایس قائدین نے حج کیمپ نامپلی میں عازمین سے خطاب کیا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے انتظامات کی نگرانی کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الحاج محمد سلیم نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں اپنا زیادہ تر وقت عبادات میں صرف کریں۔ انہوں نے کہا کہ موبائیل کے استعمال کی حرمین میں اجازت نہیں ہے اور موبائیل کے زیادہ استعمال سے عبادات میں خلل پڑتا ہے۔ انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ حج کمیٹی کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ سعودی عرب میں موسم گرما کے پیش نظر عازمین کو ٹھنڈے مشروبات سے گریز کرنا چاہئے ۔ اسی دوران عازمین حج کا 22 واں قافلہ آج دوپہر سعودی عرب کے لئے روانہ ہوا۔ 428 عازمین پر مشتمل اس قافلہ کو مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے حج ہاؤز نامپلی سے وداع کیا۔ مولانا جعفر پاشاہ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں عازمین حج کو فریضہ حج اور زیارت مدینہ کے آداب سے واقف کرایا۔ مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ کی جانب سے عازمین حج کیلئے موثر انتظامات کی ستائش کی۔ عازمین حج کے 22 قافلوں کے ذریعہ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے 9000 سے زائد عازمین کی روانگی مکمل ہوچکی ہے ۔ مکہ مکرمہ کی عمارتوں میں موثر انتظامات کئے گئے اور حج انسپکٹرس عازمین کی رہنمائی کر رہے ہیں۔1/k/m/b