تلنگانہ مفادات کیلئے پارلیمنٹ میں جدوجہد کرنے ارکان کو کے سی آر کی ہدایت

,

   

پارلیمانی پارٹی کا 5 گھنٹوں تک اجلاس، 23 نکاتی ایجنڈہ، تلنگانہ سے ناانصافی کی شکایت
حیدرآباد۔/30 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت دی کہ ریاست کے مفادات کیلئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں شدت کے ساتھ آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے ساتھ مرکز نے ناانصافی کا رویہ اختیار کیا ہے لہذا لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں ارکان کو جدوجہد کرنی چاہیئے۔ کے سی آر نے آج پرگتی بھون میں ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا۔ یہ اجلاس 5 گھنٹوں تک جاری رہا جس میں بجٹ سیشن میں پارٹی کی حکمت عملی کو قطعیت دی گئی۔ چیف منسٹر نے 23 مسائل پر مبنی تفصیلی نوٹ ارکان پارلیمنٹ کے حوالے کیا جو مرکزی حکومت سے زیر التواء ہیں۔ تنظیم جدید قانون میں تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کی عدم تکمیل کے علاوہ مختلف پراجکٹس اور فلاحی کاموں میں مرکزی فنڈز کی عدم اجرائی کی تفصیلات سے ارکان پارلیمنٹ کو واقف کرایا گیا۔ چیف منسٹر نے واضح طور پر کہا کہ مرکز کے ساتھ ریاست کے مفادات کے سلسلہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں مرکزی بجٹ پر توجہ دینے کی ہدایت دی تاکہ بجٹ میں تلنگانہ کی حصہ داری کیلئے جدوجہد کی جاسکے۔ بجٹ کی پیشکشی کے بعد ارکان پارلیمنٹ اپنی حکمت عملی کے مطابق آواز اٹھائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وقتاً فوقتاً ارکان پارلیمنٹ کیلئے ہدایات جاری کی جائیں گی۔ راجیہ سبھا میں ڈاکٹر کیشو راؤ اور لوک سبھا میں ناما ناگیشور راؤ کو حکمت عملی تیار کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اجلاس کا متفقہ طور پر احساس تھا کہ مرکز نے ہر معاملہ میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ تلنگانہ میں نئے پراجکٹس کے قیام کیلئے جو تیقنات دیئے گئے تھے ان پر عمل نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ کے ساتھ فنڈز کی اجرائی میں جانبدارانہ رویہ ہے۔ بعد میں رکن پارلیمنٹ رنجیت ریڈی نے کہا کہ مرکزی بجٹ کی پیشکشی کے بعد حکمت عملی طئے کی جائے گی۔ دونوں ایوانوں میں ریاست کو درپیش 23 مسائل پر مرکزی حکومت پر دباؤ بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ ڈاکٹر کے کیشو راؤ، ناما ناگیشور راؤ، کیپٹن لکشمی کانت راؤ، کے آر سریش ریڈی، جے سنتوش کمار، بی لنگیا یادو، بی بی پاٹل، پی راملو، پی دیاکر، سرینواس ریڈی، جی رنجیت ریڈی، وینکٹیش، ایم کویتا نائیک، کے پربھاکر ریڈی کے علاوہ ریاستی وزیر پرشانت ریڈی، ارکان مقننہ جناردھن ریڈی، ہنمنت شنڈے، کوشک ریڈی، چیف سکریٹری سومیش کمار، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری نرسنگ راؤ اور پرنسپل سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ نے شرکت کی۔ر