تلنگانہ میں آئندہ تین دنوں تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا

   

محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی، کئی اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان، ضلع کلکٹرس چوکس
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں آئندہ 3 دن تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ ریاست میں گذشتہ دو دن سے جاری بارش کا سلسلہ مزید تین تا چار دن برقرار رہے گا۔ گذشتہ دو دنوں کی بارش کے نتیجہ میں ریاست کے کئی اضلاع میں نشیبی علاقے زیر آب آچکے ہیں۔ تالابوں اور جھیلوں کی سطح میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ ریاست کے 14 اضلاع میں موسلا دھار اور 12 اضلاع میں اوسط بارش ریکارڈ کی گئی۔ جاریہ موسم میں ہفتہ کے دن ریاست میں سب سے زیادہ 106.1 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے پیر، منگل اور چہارشنبہ کو کئی اضلاع میں اوسط اور بھاری بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ تیز ہواؤں کے ساتھ حیدرآباد اور دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جنگاؤں، سنگاریڈی، سدی پیٹ، ورنگل ( رورل) ، سوریا پیٹ اور محبوب نگر میں شدید ترین بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ محبوب نگر کے علاوہ میدک، ناگرکرنول، سنگاریڈی، سدی پیٹ، وقارآباد میں کئی مقامات پر موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ کتہ گوڑم ، کریم نگر، نلگنڈہ، ورنگل ( اربن ) ، بھوپال پلی، کھمم، کاماریڈی، محبوب آباد، پداپلی، سرسلہ اور ملکاجگیری میں بھی زائد بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ ریاست بھر میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی تا اوسط درجہ کی بارش سنگاریڈی، میدک، سدی پیٹ، جنگاؤں، میڑچل، حیدرآباد ، رنگاریڈی، وقارآباد، محبوب نگر، ونپرتی، ناگرکرنول، نلگنڈہ اور سوریا پیٹ میں ریکارڈ ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 30 ستمبر تک موجودہ موسم کی برقراری کی پیش قیاسی کی ہے۔ حکومت نے ریاست بھر میں اہم عہدیداروں کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے ڈیوٹی پر رجوع ہونے کی ہدایت دی ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ تمام ضلع کلکٹرس کو چوکسی کا مشورہ دیا ہے۔