حیدرآباد یکم جون(یواین آئی)حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دنوں کے دوران تلنگانہ کے کئی مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی ہے ۔محکمہ موسمیات کے بلیٹن میں ریاست کے کئی مقامات پر گرج وچمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیاگیا ہے ۔جنوب مغرب مانسون کی کیرل کے بشمول کرناٹک، تمل ناڈوکے بعض مقامات پر توسیع ہوئی۔آئندہ تین دنوں کے دوران کونکن، گوامیں اس کی توسیع کے امکانات ہیں۔جنوبی رائل سیما اور تلنگانہ میں مانسوں کی7سے 10جون کے دوران آمد کا امکان ہے ۔ گذشتہ روز تلنگانہ کے کئی اضلاع میں بارش ہوئی اور موسم اچانک تبدیل ہوگیا۔متحدہ نلگنڈہ ضلع میں کئی مقامات پربارش ہوئی۔بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔سوریہ پیٹ، کوداڑ کے علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔نرمل ضلع کے بعض منڈلوں میں بھی گرج وچمک کے ساتھ بارش ہوئی۔جگتیال ضلع مستقر سمیت دیگر مواضعات میں بھی بارش ہوئی۔ گذشتہ روز حیدرآبادکے بعض علاقوں ایل بی نگر، حیات نگر،ونستھلی پورم، ناگول علاقوں میں بارش ہوئی۔شہر کے نواح میں واقع عبداللہ پورمیٹ میں مندر پر بجلی گرگئی جس کے نتیجہ میں مندر کے اوپری حصہ کو نقصان پہنچا۔اس واقعہ کے وقت مندر میں کوئی بھی نہیں تھا۔محکمہ موسمیات کی عہدیدار نے کہا کہ جنوبی تلنگانہ کے اضلاع میں بارش کا امکان ہے ۔