تلنگانہ میں آئندہ دو یوم میں وقفہ وقفہ سے بارش کا امکان

   

حیدرآباد 26 جولائی ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں آئندہ دو یوم وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بارشوں کا امکان ہے ۔ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں اوڈیشہ میں جاری بارشوں کا اثر اب تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں دیکھا جائیگا لیکن کسی بھی ضلع میں موسلادھار بارش کے امکانات نہیں ہیں جبکہ ریاست بھر میں موسم سرد رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست میں ہلکی اور تیز بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا لیکن مسلسل بارش کے امکانات نہیں ہیں۔ کہا جارہاہے کہ حکومت نے تمام اضلاع میں مقامی انتظامیہ کو موسم کے متعلق چوکس رہنے کی تاکید کی ہے۔محکمہ موسمیات سے کہاگیا کہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی سے سرحدی ریاستوں بالخصوص اوڈیشہ میں بھاری بارش جاری ہے ۔ بنگال اور اوڈیشہ میں بارشوں کا اثرقریبی ریاستوں پر ہو رہا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ راجستھان میں مانسون کی بارشوں سے موسم میں خنکی کا امکان ہے جس سے درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جائیگی ۔3