تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کیلئے محاذی تنظیموں کو تیار رہنے ریونت ریڈی کا مشورہ

   


اندرون 10 یوم رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت، قائدین کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد ۔21 ۔ نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے محاذی تنظیموں کے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کی تیاری کریں۔ گاندھی بھون میں پارٹی کی محاذی تنظیموں کے قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مہیش کمار گوڑ ، محمد اظہرالدین ، انجن کمار یادو ، شیخ عبداللہ سہیل کے علاوہ یوتھ کانگریس، این ایس یو آئی ، مہیلا کانگریس اور دیگر تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس نے مشترکہ طور پر سازش تیار کی ہے تاکہ تلنگانہ میں کانگریس کو کمزور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی بڑھتی مقبولیت سے دونوں پارٹیاں خوفزدہ ہیں۔ ریونت ریڈی نے واضح کیا کہ پارٹی میں کوئی بھی بڑا یا چھوٹا نہیں ہے بلکہ ہر ایک کو مساوی درجہ حاصل ہے ۔ قائدین اور کارکنوں کو اپنی کارکردگی کے ذریعہ پارٹی کو مستحکم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم موجودہ حالات میں چوکس نہ رہیں تو پارٹی کو نقصان ہوسکتا ہے۔ حکومت کے خلاف جدوجہد میں محاذی تنظیموں کا رول اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محاذی تنظیموں کو آئندہ 10 دنوں میں اپنی کاررکردگی اور مستقبل کے منصوبہ پر رپورٹ پیش کرنی چاہئے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کیلئے وقت کافی کم ہے اور ہمیں ابھی سے تیاری کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے درمیان رہتے ہوئے پارٹی کو مضبوط کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محاذی تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی مسائل پر جدوجہد کیلئے ہمیشہ تیار رہیں۔ر