گزشتہ سال 5 اضلاع میں ریکارڈ بارش، محکمہ موسمیات کا ایک سال پر مبنی تجزیہ
حیدرآباد۔/7 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں جاریہ مانسون کے دوران 39 فیصد اضافی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے یکم جون تا 30 ستمبر اضافی بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوب مغربی مانسون اس بار بہتر رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے 10 جون تک مانسون کے ریاست کے تمام علاقوں کا احاطہ کرنے کی پیش قیاسی کی ہے۔ گزشتہ سال یکم جون تا 30 ستمبر 1044.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور جون، جولائی، اگسٹ اور ستمبر ہر مہینہ میں بارش کا فیصد مختلف رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تلنگانہ کے 5 اضلاع میں معمول سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ عادل آباد میں 1600.4 ملی میٹر جبکہ نرمل 1564 ملی میٹر، آصف آباد 1486.4 ملی میٹر، محبوب آباد 1418.7 ملی میٹر جبکہ سرسلہ میں 1386.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ 33 اضلاع کے بشمول 10 اضلاع میں معمول سے 60 فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ 15 اضلاع میں 20 تا 59 فیصد اضافی بارش ریکارڈ ہوئی باقی اضلاع میں بارش معمول کے مطابق رہی۔ جون اور ستمبر کے درمیان خلیج بنگال میں تقریباً 10 مرتبہ ہوا کے دباؤ میں کمی کی صورتحال پیدا ہوئی جو تلنگانہ میں بارش کا سبب بنی۔ ستمبر میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث سرسلہ ، کریم نگر، پدا پلی، ورنگل اور جگتیال میں معمول سے زیادہ ریکارڈ بارش کی گئی۔ر