ساؤتھ سنٹرل ریلوے عہدیداروں کے ساتھ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کا اجلاس، حکومت سے تعاون کا یقین
حیدرآباد ۔17۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کے زیر التواء ریلوے پراجکٹس کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے ساؤتھ سنٹرل ریلوے اور تلنگانہ حکومت کے عہدیداروں پر مشتمل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ جنرل مینجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے سنجے کمار سریواستو اور چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں شرکت کی۔ ریلویز کے اعلیٰ عہدیداروں نے ایڈیشنل جنرل مینجر ستیہ پرکاش کے علاوہ مختلف ڈیویژنل ریلوے مینجرس اجلاس میں شریک رہے۔ چیف سکریٹری اور تلنگانہ کے عہدیداروں کے ساتھ یہ پہلا اجلاس تھا جس میں ریلوے عہدیداروں نے پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ ریاست کے اہم پراجکٹس کی پیشرفت سے واقف کرایا۔ تلنگانہ میں روڈ انڈر بریجس ، روڈ اوور بریجس ، نئی ریلوے لائین ، ریلوے اسٹیشنوں کی ترقی اور اسٹیشنوں کو مربوط کرنے جیسے پراجکٹس کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ ریلوے بریجس کی تکمیل کیلئے تلنگانہ حکومت سے تعاون کی خواہش کی گئی۔ ریلویز کے عہدیداروں نے اراضی کے حصول ، ٹریفک کی تبدیلی ، این او سی کی اجرائی اور الیکٹرک لائینوں اور پائپ لائینوں کی منتقلی کے کام میں تیزی پیدا کرنے کا مشورہ دیا ۔ اجلاس میں چیف سکریٹری نے اراضی حصول کے معاملہ میں تعاون کا یقین دلایا۔ حیدرآباد تا بنگلور ، چینائی اور پونے اسپیڈ ریل کوریڈار کی تکمیل پر بات چیت کی گئی۔ ریجنل رنگ ریل پراجکٹ پر چیف سکریٹری نے تفصیلات سے واقف کرایا۔ جنرل مینجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے کہا کہ پراجکٹس کی تکمیل سے نہ صرف عوام کو فائدہ ہوگا بلکہ ریاست کی معیشت کو استحکام ملے گا۔ انہوں نے پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل میں حکومت کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ حکومت سے منظوریوں کے بارے میں واقف کرائیں تاکہ رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔ اجلاس میں حکومت اور ریلویز نے بہتر تال میل کے ذریعہ زیر التواء کاموں کی تکمیل کا فیصلہ کیا۔ 1/k/m/b