تلنگانہ میں مزید 10,115 جائیدادوں پر تقررات کیلئے احکام جاری

   

ٹمریز کی 1445 جائیدادیں شامل، تاحال 45,325 جائیدادوں کی منظوری
20,391 جائیدادوں کیلئے اعلامیہ کی اجرائی‘ مرکز کا اعلان محض جملہ۔ ہریش راؤ کا تاثر
حیدرآباد ۔ 18 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اقلیتی اقامتی اسکولس کی 1445 جائیدادوں کے بشمول جملہ 10,105 تقررات کیلئے منظوری دی ہے۔ محکمہ فینانس نے احکامات بھی جاری کردیئے۔ وزیرفینانس ٹی ہریش راؤ نے مرکز کی جانب سے معلنہ 10 لاکھ جائیدادوں پر تقررات کو صرف جملہ قرار دیا۔ تازہ منظوری میں 9096 جائیدادیں اقامتی اسکولس کی ہیں۔ مزید 995 جائیدادوں پر تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ تقررات کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ محکمہ خواتین و اطفال بہبود میں 14 جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ محکمہ فینانس کے احکام سے تاحال 45,325 جائیدادوں پر تقررات کیلئے حکومت نے منظوری دی ہے ۔ ان میں 20,391 جائیدادوں پر تقررات کیلئے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔ ہریش راؤ نے محکمہ فینانس کی جانب سے 10,105 جائیدادوں پر تقررات کیلئے منظوری اور احکام جاری کرنے کا خیرمقدم کیا اور ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ حکومت نے پہلے 35,220 جائیدادوں پر تقررات کیلئے منظوری دی ہے۔ تازہ مزید 10,105 جائیدادوں پر تقررات کیلئے احکام جاری کئے گئے۔ حکومت عہد کی پابند ہے۔ چیف منسٹر بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے بہت سنجیدہ ہیں۔ عنقریب مزید ملازمتوں کیلئے نوٹیفکیشن جاری کئے جائیں گے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مرکز کے مختلف محکمہ جات میں لاکھوں جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ حال میں وزیراعظم مودی کے دیڑھ سال میں 10 لاکھ جائیدادوں پر تقررات کے اعلان کو انہوں نے صرف جملہ قرار دیا اور کہا کہ تلنگانہ حکومت نے اپنے اعلان پر عمل کا آغاز کردیا ہے۔ن
ایمسیٹ اور نیٹ کا آج تمثیلی امتحان
حیدرآباد ۔ 18 جون (راست) ایمسیٹ اور نیٹ کا تمثیلی امتحان اتوار 19 جون صبح 10 تا 12:30 بجے محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست عابڈس پر رکھا گیا ہے۔ کراش کورس کوچنگ کے ساتھ کمپیوٹر پر مشق کیلئے خصوصی سہولت رکھی گئی ہے۔ پالی ٹیکنک کا ہال سٹ ماڈل ٹسٹ بھی رہے گا۔