تلنگانہ میں مزید 5 دواخانوں کے خلاف کارروائی

   

کورونا علاج کی اجازت منسوخ‘ 79 دواخانوں کے خلاف 115 شکایات کی وصولی
حیدرآباد۔ حکومت نے کورونا کے علاج کے سلسلہ میں بھاری رقومات وصول کرنے کی شکایات پر مزید 5 کارپوریٹ دواخانوں کو کورونا علاج کی اجازت منسوخ کردی ہے۔ ان پر بھاری رقومات کی وصولی کے علاوہ علاج میں لاپرواہی کی شکایات ملی ہیں۔ حکومت کے احکام کے بعد یہ دواخانے کورونا مریض کو شریک نہیں کرسکتے جبکہ ہاسپٹل میں موجود مریضوں کے علاج کی اجازت رہے گی۔ جن پانچ دواخانوں کو کورونا علاج کی اجازت منسوخ کی گئی ان میں امیج ہاسپٹل امیر پیٹ، انکورہ ہاسپٹل ایل بی نگر، سیا لائف ہاسپٹل کونڈہ پور، پنچاوتی ہاسپٹل بھوت پور محبوب نگر اور سائی سدھارتھ ہاسپٹل سنگاریڈی شامل ہیں۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت سرینواس راؤ نے بتایا کہ حکومت نے 79 دواخانوں کے خلاف موصولہ 115 شکایات کا جائزہ لیا ہے۔ ان دواخانوں کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی جبکہ ان میں سے بہت کم دواخانوں نے نوٹس نہ ملنے کا بہانہ بنایا ہے۔ سرینواس راؤ نے کہا کہ نوٹس کا جواب نہ ملنے پر ہاسپٹلس کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ہاسپٹلس کی جانب سے نوٹس کا جواب نہ ملنے پر عہدیداروں کی ٹیم حقائق کا پتہ چلانے کے بعد کوئی کارروائی کریگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا علاج کے سلسلہ میں مریضوں کے ساتھ لوٹ پر کارروائی کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اسی مقصد سے حکام کو ہاسپٹلس پر نظر رکھنے کیلئے متعین کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ شکایات کی وصولی کیلئے محکمہ صحت سے واٹس ایپ نمبر جاری کیا گیا۔