تلنگانہ میں مزید2ضمانتوں پر عمل آوری ‘احکامات جاری

,

   

500 روپئے میں گیاس سیلنڈر اور 200 یونٹ مفت برقی اسکیم کا آغاز‘تقریب سے چیف منسٹر کا خطاب

حیدرآباد۔27فروری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ریاست میں مزید دو ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ چیف منسٹراے ریونت ریڈی نے آج سکریٹریٹ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر اور 200 یونٹ مفت برقی کی اسکیم پر عمل آوری کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی عوام سے جو وعدہ کرتی ہے اسے پورا کرتی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ کانگریس قائد سونیا گاندھی نے ریاست تلنگانہ میں انتخابات سے قبل عوام کے لئے 6 ضمانتوں کا اعلان کیا تھا جن میں 4 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کیا جاچکا ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں کانگریس نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا عمل شروع کردیاہے۔ انہو ںنے کہا کہ سونیا گاندھی نے عوام کے لئے ضمانتوں کااعلان کیا تھا اور عوام نے ان کے اعلان پر اعتماد کرتے ہوئے ریاست میں کانگریس کو اقتدار حوالہ کیا اور اب حکومت عوام کے اعتماد کو پوراکرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر اور 200 یونٹ مفت برقی کی اسکیم کے آغاز کی اس تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹرو ریاستی وزیر فینانس ملو بھٹی وکرمارک ‘ کیپٹن اتم کمار ریڈی ‘ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ‘ ڈی سریدھر بابو‘ جوپلی کرشنا راؤ‘ ٹی ناگیشورراؤ‘ انوسویا سیتا اکا‘ اسپیکر اسمبلی گڈم پرساد کمار کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے نامساعد حالات کے باوجود ریاست میں 6ضمانتوں پر عمل آوری کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ محبوب نگر کے ادارہ جات مقامی کے رکن قانون ساز کونسل کے انتخاب کے سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی کے سبب اس تقریب کو سکریٹریٹ میں منعقد کیا جا رہاہے جبکہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس پروگرام کو ہزاروں کی تعداد میں عوام کے درمیان شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت 100فیصد ضمانتوں پر عمل آوری کرے گی اور مستحقین کو ان کا حق پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے بی آر ایس قائدین بالخصوص چیف منسٹر کے سی آر اور کے ٹی راما راؤ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت پر تنقید کے ذریعہ بی آر ایس عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملو بھٹی وکرمارک نے کہا کہ ریاستی حکومت غریب طبقات کے لئے خدمات انجام دے رہی ہے اور آئندہ چند ہفتوں کے دوران مزید 2 ضمانتوں پر عمل آوری کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کا اعلان کیا جائے گا۔ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کے معاشی حالات ابتر ہونے کے باوجود حکومت کی جانب سے انقلابی فیصلے کرتے ہوئے ریاست میں عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے اقدامات جاری ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت تلنگانہ سے ریاست کے عوام کو ان دونوں ضمانتوں پر عمل آوری کا انتظار تھا اور حکومت نے اب ان پر عمل آوری کو یقینی بناتے ہوئے ریاست کے عوام سے کئے گئے وعدہ کو پورا کردیا ہے۔ ملو بھٹی وکرمارک نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد سے بھارت راشٹرسمیتی مسلسل حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یہ تاثر دینے کی کوشش کررہی تھی کہ عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل آوری نہیں ہوگی لیکن کانگریس نے اپنے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے ثابت کردیا کہ ریاست میں عوامی حکمرانی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ کانگریس نے جن 6ضمانتوں کا اعلان کیا ہے وہ مسلسل اسکیم ہیں اور عوام ان اسکیمات سے استفادہ کے لئے کسی بھی وقت درخواست داخل کرسکتے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدہ کو پورا کرنے کے ساتھ حکومت نے اسے مستحقین تک پہنچانے کا میکانزم تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر کے علاوہ 200 یونٹ مفت برقی پر فوری اثر کے ساتھ عمل آوری کی جائے گی اور ماہ مارچ کے دوران 200 یونٹ سے کم برقی استعمال کرنے والوں کے لئے ’’زیرو‘‘ بل جاری کیا جائے گا۔ اس تقریب سے ریاستی وزراء کیپٹن اتم کمار ریڈی کے علاوہ مسز کونڈا سریکھا نے بھی مخاطب کیا ۔ قبل ازیں ان اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے جی او کی اجرائی عمل میں لائی گئی ۔3