تلنگانہ میں منکی پاکس کا مشتبہ کیس ، نمونے جانچ کیلئے بھیج دیئے گئے

   

حیدرآباد : 25 جولائی ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں منکی پاکس کے پہلے مشتبہ مریض کے نمونے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ویرالوجی پونے کو جانچ کیلئے بھیج دیئے گئے ہیںاور کل شام تک رپورٹ آنے کی توقع ہے ۔فیور ہاسپٹل حیدرآباد کے آئسولیشن میں زیر علاج 40سالہ شخص کے پانچ قسم کے نمونے حاصل کئے گئے ہیں ۔جن میں تھوک ، خون ، پیشاب اور جلد کے بھی نمونے شامل ہیں ۔ ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شنکر نے واضح کیا کہ منکی پاکس کے تعلق سے تشویش کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ ہوا کے ذریعہ نہیں پھیلتا۔ڈاکٹر شنکر نے انکشاف کیا کہ متاثرہ شخص کی صحت مستحکم ہے جس کو منکی پاکس کی علامات پر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ شخص اس ماہ کی 6 تاریخ کو کویت سے آیا تھاوہ بخار کا شکار ہے ۔ مریض کے قریب رہنے والے 6 افراد کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے ۔ ڈاکٹرشنکر نے کہا کہ بیرونی ممالک سے واپس ایسے افراد جن میں اس مرض کی علامات پائی جائیں وہ فوری طورپر اس کی اطلاع دیں۔