تلنگانہ میں موثر پولیسنگ کی وجہ سے جرم کی شرح میں کمی

   

پولیس یوم شہیداں کے موقع پر وزیر داخلہ محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔/21 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ ریاست میں موثر پولیسنگ سے جرائم کی شرح میں کافی کمی آئی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر لاء اینڈ آرڈر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے بلکہ جرائم پر قابو پانے عصری ٹکنالوجی سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ یوم شہیداں پولیس کے موقع پر تقریب سے خطاب میںان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈی جی پی ایم مہیندر ریڈی کے علاوہ سابق ڈی جی پیز اور سینئر عہدیدار، شہید عہدیداروں کے افراد خاندان موجود تھے۔ محمد محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر لاء اینڈ آرڈر پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ ملک کی دوسری ریاستوں کی بہ نسبت تلنگانہ میں جرائم کی شرح کم ہوئی ۔ ٹکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے۔ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں ، خواتین کیلئے خصوصی شعبہ تشکیل دیا گیا ہے۔ کمانڈ کنٹرول روم کے علاوہ دیگر منفرد پالیسیوں پر عمل کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے تلنگانہ کی پولیس دوسری ریاستوں کیلئے مثال بن گئی ہے۔ کورونا کے دوران 62 پولیس ملازمین کی موت ہوگئی ہے۔ وہ ان ملازمین کے ارکان خاندان کو خراج پیش کرتے ہیں۔ ڈی جی پی نے کہا کہ سماج میں امن وامان کے قیام، لاء اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے پولیس ملازمین اپنی زندگیاں قربان کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔