تلنگانہ میں نئی پالیسیوں سے نئی تاریخ مرتب

   

چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا عزم : سرینواس گوڑ
حیدرآباد 24 فروری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر نشہ بندی و آبکاری، سیاحت و اسپورٹس مسٹر سرینواس گوڑ نے کہاکہ وہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ کی ہدایات کے مطابق ہی اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ آج سکریٹریٹ میں سرینواس گوڑ نے اپنے وزارتی قلمدانوں کی ذمہ داری کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے پرزور الفاظ میں کہاکہ نئی پالیسیوں کے ذریعہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ ایک نئی تاریخ مرتب کررہے ہیں اور انھیں آمدنی حاصل ہونے والے محکمہ نشہ بندی و آبکاری و سیاحت کا قلمدان تفویض کرنے پر چیف منسٹر سے سرینواس گوڑ نے اظہار تشکر کیا بلکہ مسرت کا بھی اظہار کیا۔ انھوں نے کہاکہ جو اسکیمات ملک بھر میں نہیں ہیں ویسی اسکیمات کو ریاست تلنگانہ میں روبہ عمل لایا جارہا ہے۔ وزیر موصوف نے کہاکہ چیف منسٹر نے جس اعتماد و بھروسہ کے ساتھ انھیں مذکورہ محکمہ جات کی ذمہ داری سونپی ہے اس کو پورا کرکے چیف منسٹر کی خواہش کو پورا کریں گے۔ سرینواس گوڑ نے بتایا کہ محکمہ جات میں انتہائی فعال و کارکرد عہدیدار پائے جاتے ہیں اور ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آنے اور نئی تلنگانہ حکومت قائم ہونے کے بعد ریاست میں ملاوٹ شدہ سیندھی و شراب کا تدارک کرنے کے علاوہ محکمہ کی آمدنی میں اضافہ کرنے کے مؤثر و مثبت اقدامات کرنے کا وزیر موصوف نے اظہار کیا۔ انھوں نے بتایا کہ گزشتہ متحدہ ریاست آندھراپردیش کی حکومت نے تاڑی تاسندوں کو بالکلیہ طور پر نظرانداز کردیا تھا لیکن جیسے ہی علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آئی چیف منسٹر کے سی آر نے تاڑی تاسندوں کو غیرمعمولی اہمیت دیتے ہوئے انھیں درپیش مختلف مسائل کی یکسوئی کے لئے مؤثر و مثبت اقدامات کا آغاز کیا۔ بالخصوص مہلوک تاڑی تاسندوں کے افراد خاندان کو چھ لاکھ روپئے مالی امداد فراہم کرنے کے اقدامات کئے۔ انھوں نے مزید کہاکہ وہ اپنے ان محکمہ جات کے ساتھ انصاف کریں گے۔ سرینواس گوڑ نے کہاکہ آئندہ لوک سبھا انتخابات کے بعد اگر کے چندرشیکھر راؤ وزیراعظم بنیں گے تو ملک کی قسمت اور نقشہ ہی بدل جائے گا۔ انھوں نے اس توقع کا اظہار کیاکہ اگر ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس 16 لوک سبھا حلقوں سے کامیابی حاصل کرنے کی صورت میں چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ مرکزی حکومت کی تشکیل میں اہم رول ادا کرسکیں گے بلکہ انھیں وزیراعظم منتخب ہونے کے روشن امکانات پائے جائیں گے۔ قبل ازیں سرینواس گوڑ کے اپنے وزارتی عہدے کا جائزہ لینے کے لئے سکریٹریٹ پہونچنے پر متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں نے ان کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر ٹی جی اوز اسوسی ایشن قائدین بشمول کرشنا یادو کے علاوہ تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسرس یونین کے قائدین بشمول مجیب حسینی وغیرہ بھی موجود تھے۔