تلنگانہ میں پینے کے پانی کی کوئی قلت نہیں ‘ شانتی کماری

   

ذخائر آب میں وافر مقدار میں پانی دستیاب۔ چیف سکریٹری کی ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔26۔مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں پینے کے پانی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور بعض مقامات سے جو شکایات مل رہی ہیں وہ انتظامی امور سے متعلق ہیں اسی لئے عوام کو تشویش کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ چیف سیکریٹری محترمہ شانتی کماری نے آج تمام ضلع کلکٹرس کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس میں یہ بات کہی۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست کے ذخائر آب میں پینے کے پانی کی سربراہی کے لئے وافر مقدار میں پانی دستیاب ہے ۔ چیف سیکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے اقدامات کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال ناکافی بارش کے باوجود ذخائر آب میں پانی موجود ہے جو پینے کیلئے سربراہ کیا جاسکتا ہے۔ محترمہ شانتی کماری نے بتایا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق ریاست کے تمام اضلاع میں پینے کا پانی سربراہ کرنے کی ہدایت کے بعد ہی بورویلس کی صفائی کے علاوہ پائپ لائن کی درستگی کے کاموں کو مکمل کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے ’سمر ایکشن پلان‘ کے تحت ویڈیو کانفرنس میںعہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست کی تمام بلدیات میں پینے کے پانی کی سربراہی میں شکایات کو نظرانداز کرنے کی بجائے مرمتی کاموں کو فوری مکمل کرکے پانی کی سربراہی کو یقینی بنائیں۔ آبرسانی عہدیداروں نے بتایا کہ شہر میں پینے کے پانی کوئی قلت نہیں ہے لیکن تجارتی مقاصد کیلئے استعمال کئے جانے والے پانی کی طلب میں اضافہ کے نتیجہ میں ٹینکرس کی طلب میں اضافہ کو پانی کی قلت سے جوڑا جا رہاہے جو کہ درست نہیں ہے۔ شانتی کمار ی نے کہا کہ تلنگانہ میں ذخائر آب سے پانی کی سربراہی کے متبادل انتظامات کو یقینی بنانے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ ذخائر آب کی سطح پر نظر رکھیں اور پانی کی سربراہی میں کوئی رکاوٹ پیدا ہونے نہ دیں بلکہ اگر ضرورت پڑے تو آئندہ ماہ کے وسط میں ذخائر آب میں محفوظ پانی کو سربراہ کرنے کی حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ عوام کوکسی طرح کی پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے اور پانی کی قلت کی کوئی شکایت نہ رہے۔3