تمام طبقات کے لیے ترقی کے یکساں مواقع : وزیر صنعت
حیدرآباد۔30۔نومبر(سیاست نیوز) حکومت نے ریاست میں ملک کی سب سے بہتر ایم ایس ایم ای پالیسی کو روشناس کروایا ہے جو کہ تمام طبقات کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے والی ہے۔ریاستی وزیر صنعت و انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر ڈی سریدھر بابو نے یہ بات کہی ۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے پسماندہ طبقات بالخصوص بی سی طبقات کے صنعتکاروں کے لئے خصوصی منصوبہ بندی کے اقدامات کئے جار ہے ہیں اور حکومت کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جار ہی ہے کہ جس کی جتنی آبادی ہے اس کی اتنی حصہ داری کے نظریہ پر عمل کرتے ہوئے تمام طبقات کی ترقی کو یقینی بنایا جائے ۔مسٹر ڈی سریدھر بابو نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ذات پات پر مبنی سروے کرواتے ہوئے ان پوشیدہ حقائق کا پتہ چلانے کی کوشش کر رہی ہے جو اب تک منظر عام پرنہیں لائے گئے ہیں۔ریاستی وزیر نے بتایا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی جانب سے کروائے جانے والے سروے کی رپورٹ کے بعد تمام طبقات کی صنعتی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے بہترین پالیسی تیار کی جائے گی تاکہ اشتراکیت کے فروغ کے ساتھ صنعتی ترقی کے اقدامات کئے جائیں۔ انہو ںنے کہا کہ حکومت تلنگانہ صنعتی اداروں کے قیام کے معاملہ میں صنعتکاروں کی حوصلہ افزائی کے ذریعہ انہیں اپنے اپنے شعبہ جات میں ترقی کے مواقع فراہم کرتے ہوئے ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔3