تلنگانہ میں کانگریس اقتدار کا ایک سال، سہ روزہ تقاریب، مجسمہ تلنگانہ تلی کی نقاب کشائی

   

نامزد عہدوں پر تقررات، کابینہ میں توسیع اور اسمبلی اجلاس کی تیاریاں، چیف منسٹر ریونت ریڈی کی آج دہلی روانگی

حیدرآباد۔24۔نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس اقتدار کے ایک سال کی تکمیل کے سلسلہ میں جاری تقاریب میں پارٹی اعلیٰ کمان قائدین کو مدعو کرنے کے لئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی 25نومبرکو دہلی روانہ ہوں گے جہاں وہ پارٹی کے سرکردہ قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے شہر حیدرآباد میں 7‘8اور 9 ڈسمبر کو منعقد ہونے والی ایک سالہ تقاریب میں شرکت کے لئے پارٹی قائدین کو مدعو کریں گے اور سیکریٹریٹ میں نصب کئے جانے والے ’تلنگانہ تلی‘ مجسمہ کی نقاب کشائی کے لئے پارٹی کے مرکزی قائدین کو مدعو کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ریونت ریڈی اپنے 25نومبر کے دورۂ دہلی کے دوران پارٹی کے مختلف قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر اپنی رپورٹ پیش کرنے کے علاوہ حکومت کی جانب سے عوامی حکمرانی کے ایک سال کی تقاریب کے متعلق واقف کروائیں گے ۔ علاوہ ازیں ریونت ریڈی تلنگانہ میں کابینہ کی توسیع کے علاوہ نامزد عہدوں پر تقررات کے سلسلہ میں بھی پارٹی کے سرکردہ قائدین سے مشاورت کرتے ہوئے اس سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے دورہ دہلی کے دوران ریاستی کابینہ میں توسیع کے سلسلہ میں فیصلہ کو قطعیت دیئے جانے کا امکان ہے اور کہا جا رہاہے کہ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے 9 ڈسمبر سے آغاز سے قبل حکومت کابینہ میں توسیع کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق اسمبلی کے اجلاس کا 9 ڈسمبر سے آغاز متوقع ہے اور اس سے قبل کابینہ میں توسیع اور 6 نئے چہروں کو وزارت میں شامل کرنے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنانے کے حق میں ہے۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے دورۂ دہلی کے دوران وہ صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی مسٹر ملکارجن کھرگے کے علاوہ گاندھی خاندان کی اہم شخصیات سے ملاقات اور جنرل سیکریٹری اے آئی سی سی مسٹر کے سی وینو گوپال کے ہمراہ ملاقات کرتے ہوئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔3