تلنگانہ میں کورونا کے 2426 نئے کیسس، 13 اموات

   

حیدرآباد: تلنگانہ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 2426 نئے کیسس منظر عام پر آئے اور 13 اموات واقع ہوئی ہیں۔ کیسس کے ساتھ ساتھ اموات کی تعداد میں اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ تلنگانہ میں کورونا ٹسٹوں میں اضافہ کے بعد سے مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے اور دیڑھ لاکھ سے زائد کورونا مریض تلنگانہ میں درج کئے گئے جبکہ فوت ہونے والوں کی تعداد 940 ہوگئی۔ چہارشنبہ اور جمعرات کی تفصیلات پر مشتمل ہیلت بلیٹن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2324 افراد 24 گھنٹے میں صحت یاب ہوئے۔ ریاست میں کورونا کیسس کی جملہ تعداد 1,52,602 ہے۔ ایکٹیو کیسس 32,195 ہیں جن میں 25,240 ہوم آئسولیشن کے تحت زیر علاج ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 62890 کورونا ٹسٹ کئے گئے جن میں 2,242 کا نتیجہ آنا باقی ہے۔ مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے گریٹر حیدرآباد 338 کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ رنگا ریڈی میں 216 کیسس منظر عام پرآئے۔ مجموعی مریضوں کے اعتبار سے 20 تا 50 سال عمر کے افراد زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت کے حکام نے مذکورہ عمر کے افراد کو چوکسی کا مشورہ دیا ہے۔ حکومت کے نشانہ کے مطابق روزانہ 60,000 کورونا ٹسٹ کئے جارہے ہیں۔ اضلاع میں وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گتہ گوڑم 67 ، جگتیال 62 ، کاما ریڈی 54 ، کریم نگر 129 ، کھمم 98 ، محبوب نگر 46 ، محبوب آباد 76 ، منچریال 57 ، میدک 42 ، ملکاجگیری 172 ، ناگرکرنول 50 ، نلگنڈہ 164 ، نظام آباد 89 ، پدا پلی 56 ، سرسلہ 41 ، سنگا ریڈی 97 ، سدی پیٹ 87 ، سوریا پیٹ 78 ، ورنگل اربن 108 اور بھونگیر میں 43 نئے کیسس منظر عام پر آئے۔