تلنگانہ میں گریجویٹ ایم ایل سی نشست کیلئے ضمنی چناؤ کا شیڈول جاری

   

27 مئی کو الیکشن ، کانگریس سے تین مار ملنا امیدوار
حیدرآباد 25اپریل (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے تلنگانہ میں ورنگل ، کھمم ، نلگنڈہ اضلاع پر مشتمل گریجویٹ ایم ایل سی نشست ضمنی چناؤ کیلئے الیکشن شیڈول جاری کردیا ہے ۔ بی آر ایس کے ڈاکٹر پی راجیشور ریڈی نے 9 ڈسمبر 2023 کو استعفیٰ دیا تھا کیونکہ وہ اسمبلی انتخابات میں منتخب ہوئے۔ ان کی میعاد 29 مارچ 2027 ہے۔ الیکشن کمیشن نے گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے ضمنی چناؤ کا شیڈول جاری کردیا جس کے تحت 2 مئی کو انتخابی اعلامیہ جاری کیا جائیگا اور اسی دن سے پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکیں گے ۔ 9 مئی تک پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکتے ہیں۔ پرچہ جات کی جانچ 10 مئی کو ہوگی اور 13 مئی تک نام واپس لینے کی مہلت رہے گی۔ رائے دہی 27 مئی کو صبح 8 تا شام 4 بجے مقرر ہے۔ رائے شماری 5 جون کو ہوگی جبکہ نتیجہ کا اعلان 8 جون کو ہوگا ۔ الیکشن شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی تینوں اضلاع میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے ۔ اسی دوران کانگریس نے جہد کار اور صحافی تین مار ملنا کو گریجویٹ ایم ایل سی نشست کیلئے امیدوار بنایا ہے۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینو گوپال نے نام کا اعلان کیا۔ تین مار ملنا نے اسمبلی انتخابات سے قبل نومبر 2023 میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ اس سے قبل وہ بی جے پی میں شامل ہوئے تھے لیکن چند ماہ بعد استعفیٰ دے دیا۔ سابق چیف منسٹر کے سی آر اور بی آر ایس پر اپنے چیانل کے ذریعہ سخت تنقید کرنے والے تین مار ملنا نوجوانوں میں کافی مقبول ہیں ، ان پر بی آر ایس حکومت نے مقدمہ درج کرکے جیل بھیج دیا تھا ۔ تین مار ملنا نے 2021 میں ورنگل ، کھمم اور نلگنڈہ گریجویٹ ایم ایل سی نشست کیلئے آزاد امیدوار کے طور پر مقابلہ کیا تھا اور انہیں دوسرا مقام حاصل ہوا۔ بی آر ایس کے پی راجیشور ریڈی کامیاب تھے ۔ تلنگانہ جنا سمیتی سربراہ کودنڈا رام تیسرے مقام پر رہے۔ بی جے پی و کانگریس امیدواروں کا مظاہرہ کافی کمزور رہا تھا۔ تین مار ملنا بی سی طبقہ میں منور کاپو کاسٹ سے تعلق رکھتے ہیں اور انہوں نے کریم نگر لوک سبھا حلقہ سے کانگریس ٹکٹ کی مساعی کی تھی۔ پارٹی کو امید ہے کہ اس مرتبہ تین مار ملنا کانگریس ٹکٹ پر کامیاب ہوں گے۔ 1