تلنگانہ میں 2 نئے اضلاع نارائن پیٹ اور ملگ کا قیام

   

اضلاع کی تعداد بڑھ کر 33، سرکاری احکامات کی اجرائی
حیدرآباد۔/16 فروری،( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کل 17 فروری سے2 نئے اضلاع کے وجود میں آنے سے اضلاع کی تعداد 31 سے بڑھ کر 33 ہوجائے گی۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں کے سی آر نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ نارائن پیٹ اور ملگ نئے اضلاع تشکیل دیئے جائیں گے۔ حکومت نے آج دو نئے اضلاع کی تشکیل کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس سے دونوں نئے اضلاع اتوار سے باقاعدہ وجود میں آجائیں گے۔ نارائن پیٹ ضلع میں 11 اور ملگ میں 9 منڈلوں کو شامل کیا گیا ہے۔ نارائن پیٹ ضلع کے حدود میں جو منڈلس شامل ہوں گے ان میں نارائن پیٹ، دھنواڑ، دامرگدہ، مریکل، کوسگی، مدور، اوٹنور، نروا، میکل، مگنور اور کرشنا ریونیو منڈل ہیں۔ جبکہ ملگ ضلع کے حدود میں ریونیو منڈل ملگ، وینکٹا پور، گوند راؤ پیٹ، تاڑوائی، ایٹورو ناگارم، کنائی گوڈیم، منگا پیٹ، وینکٹا پورم اور واجیڈو منڈلس شامل ہیں۔ محبوب نگر ضلع کی تنظیم جدید کے ذریعہ نارائن پیٹ اور جئے شنکر بھوپال پلی ضلع کی تنظیم جدید کیلئے ملگ ضلع کوتشکیل دیا گیا ہے۔حکومت نے 31 ڈسمبر کو دونوں اضلاع کیلئے احکامات جاری کئے تھے اور 30دنوں تک اعتراضات داخل کرنے کی مہلت دی گئی۔ کسی بھی گوشہ سے اعتراضات داخل نہیں کئے گئے جس کے بعد محکمہ مال نے قطعی اعلامیہ جاری کردیا۔