تلنگانہ میں 20 تا 26 اپریل فلاحی ہفتہ پروگرام کا اعلان

   

چیف سکریٹری کی ضلعی کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس ، پروگرام کا شیڈول جاری
حیدرآباد ۔ 18 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے عوامی حکمرانی کے 99 دنوں پر مشتمل ’’پرجاپالنا۔ پرگتی پرانالیکا‘‘ پروگرام کے حصہ کے طو رپر 20 سے 26 اپریل تک ریاست بھر میں ’’فلاحی ہفتہ‘‘ منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلہ میں چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے ضلعی کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے اہم ہدایات جاری کئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس ہفتہ بھر کی تقریبات کا بنیادی مقصد، سوشیل ویلفیر ہاسٹلس، ریسیڈنشیل تعلیمی اداروں میں انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا، طلبہ میں تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور سرکاری اسکیمات کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنا شامل ہے۔ اسپیشل چیف سکریٹری سبسیاساچی گھوش نے ہفتہ بھر کے پروگرامس کو کامیاب بنانے کیلئے روزانہ کی سرگرمیوں کا تفصیلی شیڈول جاری کیا ہے جس کے مطابق 20 اپریل کو صفائی مہم کے تحت تمام تعلیمی اداروں میں کچن اور اطراف کی صفائی کی جائے گی اور اعلیٰ عہدیدار اس کی نگرانی کریں گے۔ 21 اپریل کو ٹیلنٹ فیسٹ کے عنوان سے کوئز، مباحثہ اور ڈرائینگ مقابلے منعقد ہوں گے تاکہ طلبہ کے صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔ 22 اپریل کو ہاسٹلس اور ریسیڈنشیل تعلیمی اداروں میں بنیادی مرمت کی نشاندہی کرتے ہوئے گرمیوں کی تعطیلات میں انہیں مکمل کرنے کی منصوبہ بندی تیار کی جائے گی۔ 23 اپریل کو ٹیچرس، پیرنٹس میٹنگ منعقد کی جائے گی اور ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ 24 اپریل کو نوجوانوں کیلئے اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام شروع کئے جائیں گے تاکہ روزگار کے مواقع فراہم ہوسکے۔ 25 اپریل کو کھیل، فنون، موسیقی اور ڈیجیٹل تعلیم پر مشتمل سمر کیپس کا انعقاد ہوگا۔ 26 اپریل کو بڈی باٹا پروگرام کے تحت ریاست بھر میں ہاسٹلس اور ریسیڈنشیل تعلیمی اداروں میں خصوصی سرگرمیاں انجام دی جائے گی۔ چیف سکریٹری نے اضلاع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ ان پروگرامس پر مسلسل نظر رکھیں اور روزانہ پیشرفت کی رپورٹ حکومت کو پیش کریں۔ H/M/2