تلنگانہ میں 21 سے 50 سال عمر کے 64 فیصد کورونا کے مریض

,

   

۔1811 پازیٹیو کیسس، شہر کے مقابلہ اضلاع میں وائرس کے پھیلاؤ سے تشویش
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا کیسوں میں مسلسل دوسرے دن اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ چہارشنبہ کی رات تک 13 اموات کے ساتھ 1811 پازیٹیو کیسس درج کئے گئے۔ محکمہ صحت سے آج جاری بلیٹن کے مطابق تلنگانہ میں کورونا سے فوت افراد کی تعداد 505 ہوچکی ہے جبکہ متاثرین 60717 ہوچکے ہیں۔ منگل اور چہارشنبہ کی رات 827 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے اور صحتیاب افراد کی تعداد بڑھ کر 44572 ہوچکی ہے۔ تلنگانہ میں ریکوری شرح 73.4 فیصد ہوچکی ہے جبکہ قومی شرح 64 فیصد ہے۔ اموات کی شرح ایک فیصد سے بھی کم ہے جبکہ قومی سطح پر یہ شرح 2.26 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ جملہ 1811 متاثرہ کیسوں میں گریٹر حیدرآباد میں 521 مریض شامل ہیں جبکہ رنگاریڈی میں 289 پازیٹیو کیس پائے گئے۔ میڑچل میں 151 اور ورنگل ( اربن ) میں 102 کیس ریکارڈ ہوئے ۔ محکمہ صحت کے مطابق 18263 افراد کے معائنے کئے گئے جن میں 1811 کا نتیجہ پازیٹیو آیا۔ ریاست میں ابھی تک ایک لاکھ 16 ہزار 202 معائنے کئے گئے اور 848 کے نتائج آنے باقی ہیں۔ 10155 افراد ہوم آئسولیشن میں ہیں جبکہ 5488 مختلف دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ حکام کے مطابق 84 فیصد پازیٹیو کیسس ہوم آئسولیشن میں ہیں کیونکہ ان میں کورونا کی واضح علامات نہیں ہیں لہذا گھر پر علاج کیا جارہا ہے۔ شہر کے مقابلہ اضلاع میں کورونا پازیٹیو کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ 21 سے 50 سال عمر کے افراد میں کورونا پازیٹیو زیادہ دیکھا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق 65.7 پازیٹیو کیسوں کی عمر 21 تا 50 سال کے درمیان ہے۔ گذشتہ دنوں کم عمر کے افراد کا کورونا سے متاثر ہونا عوام میں تشویش کا باعث بن چکا ہے۔ فوت ہونے والوں میں بھی اکثر کم عمر افراد دیکھے جارہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ محکمہ صحت نے نوجوانوں کو چوکس رہنے اپیل کی ہے۔ نوجوانوں میں زیادہ تر قواعد کی خلاف ورزی کے نتیجہ میں وہ باآسانی وائرس کا شکار ہورہے ہیں۔ ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلہ کی برقراری میں ناکامی شہری علاقوں میں وائرس کے پھیلاؤ کی اہم وجہ ہے۔ متاثرہ افراد میں 65.6 فیصد مرد اور 34.4 فیصد خواتین ہیں۔ دیگر اضلاع میں کورونا کیسس میں بتدریج اضافہ درج کیا گیا ۔ شہری علاقوں کے مقابلہ دیہی علاقوں میں کیسوں میں اضافہ حکام کیلئے چیلنج بن چکا ہے۔ اضلاع میں عادل آباد 15 ، کتہ گوڑم 27 ، جگتیال 15، جنگاؤں 22، گدوال 28 ، کاماریڈی 11، کریم نگر 97، کھمم 26 ، محبوب نگر 41 ، میدک 15 ، نلگنڈہ 61، نرمل 12، نظام آباد 44، پداپلی 21، سرسلہ 30 ، سنگاریڈی 33 ، سدی پیٹ 24، سوریا پیٹ 37، وقارآباد 12، ونپرتی 23، ورنگل ( رورل ) 18 ، بھونگیر 16 اور ورنگل ( اربن ) میں 102 پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے۔