20 افراد کو معمولی ری ایکشن ، 140 مراکز پر ٹیکہ اندازی ، ہیلت ڈائرکٹر ڈاکٹر سرینواس کا بیان
حیدرآباد :۔ ہیلت ڈائرکٹر ڈی سرینواس نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا ٹیکہ اندازی مہم کا پہلا دن کامیاب رہا ہے ۔ گاندھی ہاسپٹل میں پہلا ٹیکہ کرشنماں اور نارسنگی میں پہلا ٹیکہ جیہ اماں کو دیا گیا ہے ۔ پہلا دن ٹیکہ والے افراد سب کے لیے رول ماڈل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ پوری طرح محفوظ ہونے کا انکشاف ہوگیا ہے ۔ آج شام ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سرینواس نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں پہلے دن 140 مراکز سے 3530 افراد کو ٹیکہ دیا گیا ہے ۔ ٹیکہ اندازی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے محکمہ صحت کا عملہ گذشتہ دو ماہ سے دن رات محنت کررہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی جنگ میں چیف منسٹر کے سی آر سب سے آگے رہتے ہوئے ہماری پوری طرح حوصلہ افزائی کی ہے ۔ ہیلت ڈائرکٹر نے اس موقع پر چیف منسٹر اور ٹیکہ روانہ کرنے والی مرکزی حکومت سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ ڈاکٹر سرینواس نے کہا کہ ٹیکہ اندازی کی مہم میں کوئی مسائل پیش نہیں آئے ۔ 3500 افراد کو ٹیکہ دینے پر صرف 20 افراد کو معمولی ری ایکشن ہوا ہے ۔ جس مقام پر ٹیکہ دیا گیا وہاں تھوڑا سرخ ہوگیا اور تھوڑی سوجن آگئی ہے ۔ یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے ۔ جن لوگوں نے بھی ٹیکہ لیا ہے ان کی صحت پر نظر رکھی جارہی ہے ۔ ایسے معلومات کے لیے مزید شعور بیداری کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ لینے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ کوویڈ 19 کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل آوری کریں ۔ ہیلت ڈائرکٹر نے بتایا کہ ٹیکہ لینے کے 42 دن بعد اینٹی باڈیز ڈیولپ ہوتے ہیں جن مراکز پر پہلا ٹیکہ لیا گیا ہے انہیں دوسرا ٹیکہ بھی اسی مراکز پر لینے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بہت جلد خانگی ہاسپٹلس میں کوویڈ ویکسین دستیاب رکھے گی ۔ رفتہ رفتہ ہر مرکز سے 100 ٹیکہ دینے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ڈاکٹر سرینواس نے کہا کہ اگر ٹیکہ کے تعلق سے کسی کو کوئی شبہات ہیں وہ 104 کو فون کرتے ہوئے شکوک و شبہات کو دور کرسکتے ہیں ۔۔