تلنگانہ میں 500 کروڑ کی سرمایہ کاری سے پیرامل گروپ کا اتفاق

,

   

ڈاؤس میں کے ٹی آر سے سلسلہ وار مذاکرات کے بعد فیصلہ کا اعلان،ممکنہ تعاون کا پیشکش

حیدرآباد ۔ /22 جنوری ، ( این ایس ایس )تلنگانہ کے وزیر صنعت وانفارمیشن ٹکنالوجی (آئی ٹی ) کے ٹی راما راؤ کی زیر قیادت سوئزر لینڈ کے شہر ڈاؤس کا دورہ کرنے والے ریاستی وفد نے ایک سرکردہ تجارتی و صنعتی ادارہ پیرامل گروپ سے سرمایہ کاری کی اہم معاملت کے حصول میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ڈاؤس میں تلنگانہ پویلین میں جاری طوفانی مذاکرات کے بعد پیرامل گروپ نے تلنگانہ میں آئندہ تین سال کے دوران 500 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری سے اتفاق کیا ہے جس کے تحت ویر ہاؤز کی توسیع، تعمیراتی بلاکس اور مفاد عامہ کی خدمات کے فروغ کیلئے صنعتوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور ضروریات کی مؤثر تکمیل کیلئے پیداوار میں اضافہ متوقع ہے۔کے ٹی آر نے پیرامل فارما کی جانب سے ریاست میں اپنی صنعتکاری اور تجارت کو فروغ دینے کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور اس گروپ کو حکومت کی جانب سے ممکنہ تعاون کی فراہمی کا یقین دلایا۔ پیرامل گروپ حیدرآباد کے اطراف اپنی صنعتوں کے قیام کیلئے مناسب مقامات پر جگہ کے حصول کا خواہاں ہے۔ اس ضمن میں دگوال کے قریب ابتدائی طبی سہولیات سے متعلق اشیاء کی تیاری اورپینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پلانٹس کا قیام متوقع ہے۔ پیرامل گروپ نے دیگر ریاستوں میں واقع اپنے پلانٹس کو حیدرآباد اور اس کے قریب نئے مقامات پر منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے کی گئی پیشکش کے مطابق بلارکاوٹ صنعتکاری و تجارت کی سہولتوں سے استفادہ کیا جاسکے۔