لولو گروپ 500 کروڑ ، کیمو فارما کمپنی 100 کروڑ سے کاروبار شروع کرے گی
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ورلڈ اکنامک فورم اجلاس کا پہلا دن تلنگانہ کے حق میں بہتر ثابت ہوا ہے ۔ ایک ہی دن میں 600 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری سے اتفاق کیا گیا ۔ سوئزر لینڈ کے ڈاؤس میں جاری ( ڈبلیو ای ایف ) اجلاس میں تلنگانہ وفد کی نمائندگی کرنے والے ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے مختلف صنعت کاروں سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر لولو گروپ کے سربراہ یوسف علی نے تلنگانہ میں 500 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری سے فوڈ پروسیسنگ شعبہ میں اپنی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کیا ۔ جس پر ریاستی وزیر کے ٹی آر نے لولو گروپ یونٹ کے قیام کے لیے تمام ضروری منظوریوں کو فوری طور پر تیار کرتے ہوئے دستاویزات یوسف علی کے حوالے کردئیے ۔ اس موقع پر یوسف علی نے کہا کہ فوڈ پروسیسنگ یونٹ کا بہت جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے کھانے پینے کی اشیاء یوروپی ممالک کو برآمد کی جائیں گی ۔ اسپین کی ملٹی نیشنل کیمو فارما کمپنی نے حیدرآباد کے تعمیراتی شعبہ میں کمرشیل کامپلکس پراجکٹ قائم کرنے اور 100 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کے ساتھ اپنے کام کو وسعت دینے کا اعلان کیا ہے اس موقع پر کمپنی کے ڈائرکٹر ، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ جن ڈینٹل بوئی نے کہا کہ ہم حیدرآباد میں ایک آر اینڈ ڈی سنٹر قائم کریں گے ۔۔ ن