تلنگانہ کئی شعبوں میں ملک کیلئے رول ماڈل، ٹی ہریش راؤ

   

شرح نمو 11.5 فیصد ،فی کس آمدنی 2 لاکھ 24 ہزار کے ساتھ سرفہرست
حیدرآباد ۔ 13 اگست (سیاست نیوز) وزیرفینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ کئی شعبوں میں تلنگانہ ملک کیلئے رول ماڈل ہے ۔ 11.5 شرح نمو کے ساتھ ملک بھر میں سرفہرست ہے۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے موقع پر فی کس آمدنی ایک لاکھ 24 ہزار روپئے تھی لیکن اب ہم فی کس آمدنی 2 لاکھ 78 ہزار روپئے کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ اس وقت ریاست کا بجٹ 62 ہزار کروڑ روپئے تھا جو اب بڑھ کر ایک لاکھ 84 ہزار کروڑ روپئے تک پہنچ گیا ہے۔ ہندوستان کی آزادی کی 75 ویں ڈائمنڈ جوبلی تقاریب کے سلسلہ میں سنگاریڈی میں 750 میٹرس پر مشتمل قومی پرچم کی ڈسپلے ریالی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریالی میں ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ، ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی، بی پی پاٹل، کلکٹر شرت، ضلع پریشد صدرنشین منجو شری ریڈی، رکن اسمبلی مانک راؤ، سابق رکن اسمبلی جنتاپربھاکر کے علاوہ طلبہ اور عوام نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ کئی اہم شخصیتوں اور بزرگوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں ہمیں آزادی ملی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے پلے پرگتی پروگرام کے تحت گاؤں کی ترقی کا گاندھی جی نے خواب دیکھا تھا اس کو شرمندہ تعبیر کررہے ہیں۔ ملک بھر میں 20 مثالی گاؤں کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں تلنگانہ کے 19 گاؤں شامل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بسویشورا اور سنگامیشورا پراجکٹس سے سنگاریڈی کی صورتحال پوری طرح تبدیل ہوجائے گی۔ ضلع سنگاریڈی میں 42 ہزار نئے آسرا پنشن منظور ہوئے ہیں۔ وزیرفینانس نے 15 اگست کو گھر گھر ترنگا لہرانے کی عوام سے اپیل کی۔ن