تلنگانہ ‘کورونا کے ایک دن میں 1,892 نئے پازیٹیو کیس

,

   

گریٹر حیدرآباد میں 1,658 نئے مریض۔ 8 اموات۔مہلوکین کی تعداد 283 ہوگئی
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا وائرس کے پھیلاو میں ہر گذرتے دن کے ساتھ شدت پیدا ہوتی جا رہی ہے اور آج ایک دن میں متاثرین کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ آج ایک دن میں جملہ 1,892 نئے پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسی طرح گریٹر حیدرآبادمیں بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور آج ایک دن میں جملہ 1,658 پازیٹیو کیس گریٹر حیدرآباد سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ آج جملہ 8 اموات بھی ہوئی ہیں جن کے نتیجہ میں اب تک اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 283 ہوگئی ہے ۔ آج کے تازہ کیسوں کے بعد ریاست میں جملہ کورونا مریضوں کی تعداد 20,462 ہوگئی ہے ۔ آج ایک دن میں جملہ 1,126 مریضوں کو علاج اور صحتیابی کے بعد ڈسچارج بھی کردیا گیا ہے جس کے نتیجہ میںا ب تک صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 10,195 ہوگئی ہے اور مزید 9,984 مریض مختلف دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ ریاستی حکومت کے ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج جی ایچ ایم سی کے علاوہ رنگا ریڈی سے 56 میڑچل سے 44 ورنگل رورل سے 41 سنگاریڈی سے 20 محبوب نگر سے 12 اور نلگنڈہ سے 13 کیس رپورٹ ہوئے ہیں ۔ اس کے علاوہ ونپرتی سے 5 ‘ محبوب آباد سے 7 کاماریڈی اور راجنا سرسلہ سے چھ چھ کتہ گوڑم سے چار ‘ میدک اور نظام آباد سے تین تین ‘ کھمم اور نرمل سے دو دو اور کریمنگر ‘ گدوال ‘ ملگ ‘ ورنگل اربن ‘ ناگرکرنول اور وقار آباد سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے ۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج ایک دن میں جملہ 5,965 کورونا معائنے کئے گئے جن میں 4,073 کا نتیجہ نگیٹیو رہا ہے جبکہ 1,892 نمونوں کا نتیجہ پازیٹیو رہا ہے ۔ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بازاروں میں سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے ۔