تلنگانہ کو ڈرگس سے پاک ریاست بنانے پولیس اور ایکسائیز عہدیداروں کوچیف منسٹر کی ہدایت

   

گانجہ کی کاشت بند کی جائے، نوجوان نسل منشیات کا شکار،انفورسمنٹ اور فلائنگ اسکواڈ کو مستحکم کیا جائے،پرگتی بھون میں اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد۔/20 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پولیس اور ایکسائیز عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ریاست میں گانجہ کی غیر قانونی کاشت، استعمال اور منتقلی روکنے کیلئے سخت قدم اٹھائیں۔ اس طرح کی سرگرمیوں کو کچلنے کیلئے عہدیداروں کو متحرک ہونا چاہیئے تاکہ تلنگانہ کو گانجہ اور دیگر نشیلی اشیاء سے پاک بنایا جاسکے۔ چیف منسٹر نے آج پرگتی بھون میں منشیات کی سربراہی اور منتقلی کے مسئلہ پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گانجہ کے استعمال میں اضافہ سے متعلق اطلاعات موصول ہورہی ہیں اور ڈرگس کے خلاف لڑائی کی سخت ضرورت ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ قبل اس کے کہ صورتحال ہاتھ سے نکل جائے ہمیں سخت اقدامات کے ساتھ چوکسی اختیار کرنی چاہیئے۔ چیف منسٹر نے پولیس اور ایکسائیز کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ گانجہ کی پیداوار کے مکمل خاتمہ کیلئے جامع ایکشن پلان تیار کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہم نے طویل جدوجہد کے ذریعہ تلنگانہ ریاست حاصل کی ہے۔ ہم نے ریاست کی ترقی کیلئے کئی نشانے مقرر کئے ہیں۔ حکومت نے زراعت کے شعبہ میں غیر معمولی ترقی کی۔ ریاست میں 1.30 کروڑ ایکر اراضی پر فصلوں کی پیداوار ہورہی ہے۔ تلنگانہ زرعی شعبہ میں پنجاب سے آگے پیش قدمی کررہی ہے۔ مشن بھگیرتا کے تحت دوردراز کے گاؤں اور جنگلاتی علاقوں میں عوام کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ برقی شعبہ میں تلنگانہ نے غیر معمولی نتائج حاصل کئے۔ تلنگانہ تحریک کے دوران جو توقعات وابستہ کی گئی تھیں انہیں مکمل کرتے ہوئے ترقی کی سمت پیش رفت جاری ہے۔ تلنگانہ پولیس پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کے ذریعہ امن و ضبط کو برقرار رکھے ہوئے ہے جس کے نتیجہ میں بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری حاصل ہورہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں انتہا پسندی پر کامیابی سے قابو پایا گیا۔ پولیس کی جانب سے قربانیاں پیش کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ریاست کے وقار اور احترام میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممنوعہ ڈرگس کی دستیابی تشویش کا باعث ہے۔ اگر ہم اس پر قابو نہیں پائیں گے تو اس بات کا خطرہ ہے کہ ہر شعبہ میں کی گئی ترقی ضائع ہوجائے گی۔ پولیس اور ایکسائیز عہدیداروں کو اس خطرہ کا سنگینی سے نوٹ لینا چاہیئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ میں نے کافی تکلیف اور تشویش کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کمشنر ایکسائیز سرفراز احمد کو ہدایت دی کہ انفورسمنٹ شعبہ کو مستحکم کریں اور فلائنگ اسکواڈس کو متحرک کریں۔ انہوں نے تعلیمی اداروں پر خصوصی نگرانی کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے ریاست کے سرحدی علاقوں میں چیک پوسٹ کی تعداد میں اضافہ اور عملے کیلئے کمیونیکیشن نیٹ ورک کی فراہمی اور گاڑیوں کی فراہمی کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے اسٹیٹ انٹلیجنس ڈپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ اس سلسلہ میں خصوصی شعبہ قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں غیر قانونی شراب اور کارڈس کلب کا مکمل طور پر صفایا کیا جائے۔ چیف منسٹر نے پولیس اور ایکسائیز محکمہ جات کو بہتر تال میل کے ذریعہ کام کرنے اور ڈرگس کی لعنت سے تلنگانہ کو نجات دلانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو ڈرگ فری اسٹیٹ بنایا جائے۔ اجلاس میں وزیر داخلہ محمد محمود علی، وزیر ایکسائیز سرینواس گوڑ، سابق وزیر کے سری ہری، حکومت کے مشیر اعلیٰ راجیو شرما، چیف سکریٹری سومیش کمار، مشیر ہوم ڈپارٹمنٹ انوراگ شرما، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری نرسنگ راؤ، سکریٹریز سمیتا سبھروال، شیشادری، راہول بوجا، بھوپال ریڈی، راج شیکھر ریڈی اور دوسرے شریک تھے۔ر