تلنگانہ کیلئے مرکز سے مزید 9.56 لاکھ مکانات کی منظوری کی درخواست

   

شیوراج سنگھ چوہان سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ملاقات، موسمی تبدیلی سے نمٹنے مرکز سے تعاون کی اپیل
حیدرآباد 18ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان سے ملاقات کی اور موسمی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے مرکز کے تعاون کی خواہش کی۔ وزراء پی سرینواس ریڈی اور ٹی ناگیشور راؤ کے علاوہ چیف سکریٹری سنجے جاجو کے ہمراہ چیف منسٹر نے پردھان منتری آواس یوجنا گرامین اسکیم کے تحت تلنگانہ کو پہلے مرحلہ میں دو لاکھ مکانات کی منظوری پر مرکزی وزیر سے اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر نے جولائی میں نئی دہلی میں پیش کردہ یادداشت کا حوالہ دیا جس میں دیہی علاقوں کے 1156915 مستحق غریب خاندانوں کو مکانات منظور کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ چیف منسٹر نے ریاست کے مطالبہ و ضرورت کے مطابق مزید 9.56 لاکھ مکانات کی درخواست کی۔ چیف منسٹر نے موسمی تبدیلی سے تلنگانہ پر منفی اثرات کا ذکر کیا اور کہا کہ بارش میں کمی سے زرعی شعبہ کیلئے برقی کی طلب میں اضافہ ہوا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت برقی اور پانی کی قلت سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ موسمی تبدیلی کے نتیجہ میں تلنگانہ میں معمول سے کم بارش ہوئی۔ انہوں نے زرعی شعبہ کو درپیش چیلنجس سے نمٹنے مرکز سے تعاون کی درخواست کی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ غریب خاندانوں کو راشن شاپس کے ذریعہ باریک چاول سربراہ کیا جارہا ہے جس کے تحت کسانوں کی باریک دھان کی پیداوار کیلئے حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ باریک دھان پر فی کنٹل 500 روپئے اضافی بونس دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمی تبدیلی کے پس منظر میں کسانوں کو متبادل فصلوں کی ترغیب دی جارہی ہے ۔شیوراج سنگھ چوہان نے شجرکاری پروگرام میں حصہ لیا اور کہا کہ مرکز اور ریاست کو مجوزہ ربیع فصل کے سلسلہ میں مشترکہ حکمت عملی تیار کرنی چاہئے ۔ شیوراج سنگھ چوہان نے حیدرآباد میں منعقدہ ریجنل اگریکلچر کانفرنس میں شرکت کی۔ 1/k