تلنگانہ کی اسکیمات پر مرکز کی دعویداری افسوسناک : ہریش راؤ

   

مشن بھگیرتا کیلئے فنڈ ز جاری نہیں کئے گئے، مرکزی وزارت جل شکتی پرتنقید
حیدرآباد۔/5 جون، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے تلنگانہ کی اسکیمات پر مرکز کی جانب سے کریڈٹ حاصل کرنے کی کوششوں کو افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جل جیون مشن کے تحت 54 لاکھ نل کے کنکشن فراہم کرنے کا مرکزی وزارت جل شکتی نے دعویٰ کیا ہے جبکہ مرکز نے پانی کی سربراہی سے متعلق مشن بھگیرتا پروگرام کیلئے کوئی مدد نہیں کی۔ وزارت جل شکتی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ تلنگانہ میں جل جیون مشن پروگرام کے تحت 54 لاکھ پانی کے کنکشن فراہم کئے گئے ہیں اور تلنگانہ عوام کی خوشحالی اور تابناک مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جاتا ہے۔ مرکزی حکومت کے دعویٰ کی نفی کرتے ہوئے وزیر فینانس ہریش راؤ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ تلنگانہ حکومت نے تمام کام انجام دیئے ہیں جبکہ مرکزی حکومت ان کاموں کا سہرا اپنے سر باندھنا چاہتی ہے۔ یہ بات انتہائی شرمناک ہے کہ مرکزی حکومت نے نیتی آیوگ کی سفارشات کے مطابق مشن بھگیرتا کیلئے 19 ہزار کروڑ کی منظوری نہیں دی ہے۔ر