تلنگانہ کی توہین پر کانگریس اور بی جے پی خاموش تماشائی

   

جگتیال میں جلسہ گاہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد ہریش راؤ کا ردعمل
حیدرآباد 19 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سینئر قائد سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے تیجسوی سوریا کی جانب سے تلنگانہ کی توہین پر مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کی جانب سے تائید کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والے بی جے پی اور کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ کی خاموش تماشائی پر انھیں عوام سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا۔ جگتیال میں جلسہ گاہ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد کے ٹی آر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہاکہ جس وقت بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ تیجسوی سوریا پارلیمنٹ میں تلنگانہ کی توہین کررہے تھے، اُس وقت اگر بی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ وہاں موجود ہوتے تو اس کو ہرگز برداشت نہیں کرتے مگر کانگریس اور بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ نے خاموشی اختیار کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کے جذبات کو ٹھیس پہونچایا ہے۔ تلنگانہ کے عوام نے کانگریس اور بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ کو اس لئے منتخب کیا تاکہ وہ تلنگانہ کے مفادات کا تحفظ کرسکیں مگر دونوں جماعتوں کی نمائندگی کرنے والے ارکان پارلیمنٹ نے تلنگانہ کی توہین کا تماشہ دیکھا ہے جس کو تلنگانہ کے عوام ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ وقت آنے پر ان سے حساب چکتا کیا جائے گا۔ ہریش راؤ نے کہاکہ بی آر ایس تلنگانہ کی عزت نفس کے معاملہ میں خاموش نہیں بیٹھے گی اور ہر سطح پر اس کا جواب دیا جائے گا۔ ہریش راؤ نے کہاکہ 20 اپریل کو جگتیال میں منعقد ہونے والا بی آر ایس کا جلسہ عام تاریخی ہوگا، اس کو ناکام بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے مختلف سیاسی حربے اپنائے جارہے ہیں مگر جتنی رکاوٹیں پیدا کی جائیں گی جلسہ اتنا زیادہ کامیاب ہوگا۔V/2