تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات سارے ملک کیلئے قابل تقلید

   


میدک ضلع پریشد جنرل باڈی اجلاس، ریاستی وزیر صحت ہریش راؤ کا خطاب

میدک ۔ /23ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ گزشتہ 70 سال کے دوران ترقی کی راہ میں پیچھے رہا لیکن ٹی آر ایس حکومت نے ریاست تلنگانہ کو صرف 7 سالوں میں تیزی کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن کیاہے۔تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات ملک کیلئے ایک قابل تقلید بن گئی ہیں۔مسٹر ہریش راؤ وزیر و فینانس نے میدک ضلع پریشد کے جنرل باڈی اجلاس میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کلٹریٹ آڈیٹوریم میں صدر نشین ضلع پریشد محترمہ ہیما لتا شیکھر گوڑ کی صدارت میں منعقدہ جنرل باڈی اجلاس میں ارکان اسمبلی ایم پدما دیویندر ریڈی، مدن ریڈی، ایم ایل سی این سبھاش ریڈی، ضلع کلکٹر ایس ہریش نے شرکت کی۔ ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کی نئی عمارت کو حکومت نے ڈاکٹر امبیڈکر سے موسوم کرنے کیلئے قرارداد منظور کرلی ہے۔ اس طرح نئی دہلی کے جدید پارلیمنٹ بھون کو بھی امبیڈکر کے نام موسوم کرنے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میدک اور نظام آباد کو سنگور ڈیم سے پانی کی سربراہی عمل میں لائی جارہی ہے۔مستقبل میں کالیشورم پراجکٹ سے پانی حاصل کرنے کے بعد پیداوار میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کسان دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ باؤلیوں سے زراعت کرنے والوں کیلئے بور میٹر کی تنصیب کرنے کے بہانے سے مرکز نے ریاست کے 3000 کروڑ روپئے روک لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میدک رعیتو بیمہ اسکیم کے تحت حکومت نے فوت ہونے والے کسانوں کے خاندانوں کو 205 کروڑ جاری کئے ہیں۔ ریاستی وزیر صحت ہریش راؤ نے اجلاس کے دوران محکمہ صحت کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ میدک میں میڈیکل کالج کے ساتھ 400 بستروں پر مشتمل ہاسپٹل قائم کیا جارہا ہے۔ مسٹر ہریش راؤ نے ضلع میں تعلیمات کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ منا اورو منا بڈی کے تحت 313 مدارس کا انتخاب کیا جاکر 134 کروڑ کی لاگت سے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی جارہی ہے۔ اس طرح محکمہ ٹرانسکو کا جائزہ لیتے ہوئے ہریش راو نے بتایا کہ پانچ کروڑ کی لاگت سے ضلع میں 6 برقی سب اسٹیشنوں کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے۔ اس اجلاس میں صدرنشین ضلع مکتب چندرا گوڑ، ایڈیشنل کلکٹر پریتما سنگھ، ضلع پریشد نائب صدرنشین لاوانیا ریڈی، ضلع پریشد سی ای او وینکٹ سیلیش، ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر وینکٹیشوراؤ ، سپرنٹنڈنٹ ایریا ہاسپٹل ڈاکٹر جی سی شیکھر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر رمیش کمار کے علاوہ ضلع کے منڈل پریشد آفیسرس، منڈل پریشد کے صدرنشین، ارکان ضلع پریشد نے بھی شرکت کی۔