تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں آئندہ تین دن تک اوسط اور موسلا دھار بارش کا امکان

   

ایلو الرٹ جاری، حیدرآباد اور رنگاریڈی میں بارش کی پیش قیاسی، حکام چوکس
حیدرآباد۔/24 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر علاقوں میں آج بھی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دن تک بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ حیدرآباد میں واقع محکمہ موسمیات کے ذرائع نے بتایا کہ ہوا کے دباؤ میں کمی کے زیر اثر چھتیس گڑھ اور اوڈیشہ سے گذر کر تیز ہوائیں اور بادل مدھیہ پردیش تک پہنچ چکے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے دباؤ کے زیر اثر عادل آباد، آصف آباد، منچریال، نرمل ، نظام آباد، ملگ اور بھوپال پلی اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں 28 جولائی تک تیز اور انتہائی موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ تلگو ریاستوں کے بشمول 19 ریاستوں میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ کل سے 28 جولائی تک آندھرا پردیش کے کئی علاقوں میں بھاری بارش کے امکانات ہیں۔ منگل اور چہارشنبہ کو ٹاملناڈو اور پوڈوچیری میں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے کئی علاقے مانسون کے پیش نظر اوسط اور بھاری بارش کا سامنا کررہے ہیں۔ اسی دوران حیدرآباد میں بھی آج مختلف مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں نارائن پیٹ، محبوب نگر، سنگاریڈی، وقارآباد، رنگاریڈی، حیدرآباد، میڑچل، منچریال، بھونگیر، ہنمکنڈہ اور ورنگل میں ہلکی اور اوسط بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ اتوار کے دن بھدراچلم میں سب سے زیادہ 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ہنمکنڈہ میں 4 اور عادل آباد میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ آئندہ دو دنوں میں حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں اوسط بارش ہوسکتی ہے۔ حیدرآباد میں اعظم ترین درجہ حرارت 28 تا 31 ڈگری جبکہ اقل ترین 20 تا 22 ڈگری ریکارڈ ہوگا۔ شہر کے مضافاتی علاقوں میں خاص طور پر چنتل، گاجولا رامارم، جیڈی میٹلہ، ناگارم، دنڈیگل میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ کشائی گوڑہ، یلاریڈی گوڑہ اور دیگر علاقوں میں شام کے وقت بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بعض اضلاع میں موسلا دھار بارش جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں بھاری بارش کے پیش نظر ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ پیر کے دن عادل آباد، آصف آباد، نرمل، کھمم، نلگنڈہ، سوریا پیٹ اور محبوب آباد میں موسلا دھار بارش کے بارے میں حکام کو چوکس کیا گیا ہے جبکہ منگل کے دن نظام آباد، جگتیال، سرسلہ، کتہ گوڑم، کھمم، نلگنڈہ، سوریا پیٹ ، محبوب آباد ، ورنگل، جنگاؤں، سدی پیٹ، رنگاریڈی، حیدرآباد اور ملکاجگیری میں بھاری بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔ر