تلنگانہ کے عازمین حج رائے دہی کے حق سے محروم

   

9 تا 13مئی حج پروازوں کا اہتمام ، پوسٹل بیالٹ ووٹ کی سہولت کا مطالبہ
مکتھل /24 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پورے ملک میں پارلیمنٹ کیلئے مرحلہ وار انتخابات کا سلسلہ جاری ہے اور ہماری ریاست تلنگانہ میں 13 مئی کو لوک سبھا انتخابات کیلئے رائے دہی مقرر کی گئی ہے اور سال حال حج بیت اللہ کی سعادت سے شرف یابی کیلئے جانے والے عازمین کرام کا جو روانگی شیڈول سامنے آیا ہے کہ 9 مئی تک 25 مئی اس پر ان علمی و دینی حلقوں اور دانشوران ملت اور سیکولر رائے دہندوں و شہریان تلنگانہ کی جانب سے گہری فکر اور تشویش ظاہر کی جارہی ہے کہ 9 مئی سے 13 مئی الیکشن کے دن تک جانے والے عازمین کرام کیا وہ اپنے ووٹ جیسے بنیادی حق سے محروم ہوں گے اور یہ قافلے جو 9 مئی تا 13 مئی کے درمیان جائیں گے ان کے اس دستوری حق ووٹ کا کیا ہوگا ۔ وہ کب اور کسے ووٹ دیں گے ۔ عازمین کرام میں بڑی بے چینی اور گہری فکر و تشویش پائی جارہی ہے جبکہ عازمین کرام کا ریاستی حج کمیٹی سے اس سلسلہ میں رابطہ پر لاعلمی اور اب تک اس ضمن میں ہمارے لئے کوئی رہنمائی نہ ہونے کا صاف جواب دیا جارہا ہے ۔ جس سے عازمین کرام پریشاین اور فکر مند ہیں اور ملک کی موجودہ صورتحال میں جہاں ایک ایک ووٹ کی اہمیت و افادیت تسلیم کی جارہی ہے اور رائے دہی میں اضافہ اور صد فیصد بنانے کوناگزیر بتایا جارہا ہے ۔ ایسے میں الیکشن کی مقررہ تاریخ سے عین تین چار روز قبل روانگی کا شیڈول آیا ۔ ریاستی و مرکزی حج کمیٹیوں میں رابطہ اور تال میل کی کمی کا نتیجہ ہے یا پھر ان میں موجود ذمہ دار آفیسرز کی بے حسی کہ بروقت الیکشن کی تاریخ کے حوالہ سے شیڈول کے جاری ہونے سے پہلے صرف یہ تین چار دن کے فرق کو ملحوظ نہیں رکھ سکے ۔ ایسے میں ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع کی حج کمیٹیوں کی جانب سے ریاستی حج کمیٹی کے چیف ایکزیکیٹیو آفیسر جناب لیاقت حسین اور مرکزی حج کمیٹی کے سی ای او سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری الیکشن کمیشن آف انڈیا کو اس صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے 9 مئی تا 13 مئی کے درمیان جانے والے عازمین کرام کو سرکاری ملازمین کی طرز پر پوسٹل بیالٹ ووٹ کا مستحق قرار دیکر ان تمام عازمین کو ان کے اپنے جمہوری و بنیادی حق سے استفادہ کا موقع فراہم کیا جائے یا کوئی اور خصوصی مراعات کے ذریعہ ان کے ووٹ کے استعمال کو یقینی بنایا جائے ۔ اضلاع کی ان حج کمیٹیوں نے چیف منسٹر تلنگانہ دفتر میں موجود سکریٹریز برائے اقلیتی امور جناب قاسم نواز اور جناب تفسیر اقبال سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ 9 مئی تا 13 مئی کے درمیان جانے والے عازمین کرام کو اپنے ووٹ کے حق سے استفادہ کی جو صورتحال ہوسکتی ہے وہ فوری فراہم کریں ۔ اضلاع حج کمیٹی کے ذمہ داران اور قوم و ملت کے دانشوروں نے 13 مئی سے پہلے روانگی شیڈول میں شامل عازمین کرام سے بھی مخلصانہ درخواست کی کہ وہ اپنے سفری دستاویزات اور روانگی کے ثبوت کے ساتھ اپنے متعلقہ الیکشن الیکٹرول آفیسر سے رابطہ کے ذریعہ اپنی روانگی سے قبل اپنے دستوری حق ووٹ کا ضرور مطالبہ کریں۔ ان حج کمیٹیوں کے ذمہ داران نے آخر میں ریاستی صدرنشین حج کمیٹی اور سی ای او سے اپیل کی کہ وہ 13 مئی الیکشن کے دن عازمین کی روانگی کو موقف کریں تاکہ عازمین کے ساتھ عازمین کو رخصت کرنے کیلئے آنے والوں کو بھی ووٹ دینے میںکوئی دشواری اور زحمت نہ ہو ۔