مرکزی الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی جائیگی ، متحدہ نظام آباد کے بی آر ایس قائدین کے اجلاس سے کے ٹی آر کا خطاب
نظام آباد۔23 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھارت راشٹرا سمیتی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ خلیج ممالک میں مقیم تلنگانہ کے باشندوں کے ووٹ ضائع ہونے نہیں دیئے جائیں گے اور ان کے حق رائے دہی کے تحفظ کے لئے پارٹی خصوصی حکمت عملی اختیار کرے گی۔ حیدرآباد میں رکن اسمبلی مسٹر پرشانت ریڈی کی رہائش گاہ پر متحدہ ضلع نظام آباد کے بی آر ایس قائدین کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس میں انہوں نے خلیج کے ووٹرس، رکنیت سازی مہم اور خصوصی انتخابی نظرثانی پروگرام (ایس آئی آر) پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ریاست میں جلد منعقد ہونے والے خصوصی انتخابی فہرست نظرثانی پروگرام کے تعلق سے لاکھوں این آر آئی تلنگانہ باشندوں میں تشویش پائی جارہی ہے اور پارٹی اس مسئلہ کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ گلف ممالک میں روزگار کے سلسلہ میں مقیم تلنگانہ کے شہریوں کے ووٹنگ حقوق ختم نہ ہوں، اس کے لیے بی آر ایس کی جانب سے مرکزی الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سینکڑوں این آر آئیز نے مقامی ارکان اسمبلی سے فون پر رابطہ کرتے ہوئے اپنی تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس مسئلہ پر پارٹی کا ایک سینئر نمائندہ وفد جلد دہلی روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس آئی آر پروگرام کے تحت مقرر کردہ بوتھ لیول اسسٹنٹس کے ذریعہ گلف ووٹرس کے حق رائے دہی کے تحفظ میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران متحدہ ضلع میں پارٹی کو مزید مستحکم بنانے کے لئے آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ پارٹی کے قیام کے ابتدائی دنوں میں ہی ضلع پریشد پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے متحدہ ضلع نظام آباد، بی آر ایس کا مضبوط قلعہ بن گیا تھا اور موجودہ صورتحال کو پارٹی کی مزید مضبوطی کے موقع کے طور پر استعمال کیا جانا چاہیے۔ اجلاس میں شریک قائدین نے کہا کہ کانگریس حکومت کی پالیسیوں سے مختلف طبقات میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے اور عوام دوبارہ کے سی آر کی قیادت چاہتے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آنے والے انتخابات میں بی آر ایس متحدہ ضلع میں دوبارہ بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ اجلاس میں پرشانت ریڈی، کے آر سریش ریڈی، ہنمنت شینڈے، جیون ریڈی، بیگالا گنیش گپتا، نللا مڈگو سریندر، عائشہ فاطمہ، وی جی گوڑ، محمد خواجہ مجیب الدین کے علاوہ دیگر قائدین نے شرکت کی ۔